پناہ گاہ اتھارٹی ایکٹ پر 2سال بعد بھی عملدرآمد نہ ہوسکا
لاہور(اپنے کامرس رپورٹر سے )پناہ گاہوں کے انتظامی معاملات چلانے کے لیے پناہ گاہ اتھارٹی کا ایکٹ منظور ہوئے دو سال کا عرصہ گزر جانے کے باوجود عملی طور پر قیام عمل میں نہ لایا جاسکا۔
تاحال پناہ گاہ اتھارٹی صرف کاغذی کارروائی تک ہی محدود ہے ،پناہ گاہ اتھارٹی بنانے کا مقصد پنجاب بھر کی پناہ گاہوں کے انتظامی معاملات کو بہتر طریقے سے چلانا اور پناہ گاہوں کے لیے نیا سٹاف بھرتی کرنا تھا، ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے پناہ گاہ اتھارٹی کے قیام پر مکمل خاموشی ہے ،اتھارٹی کے عملی طور پر قائم نہ ہونے کی وجہ سے پناہ گاہوں کے لیے سٹاف بھی بھرتی نہیں کیا جاسکا، پنجاب پناہ گاہ اتھارٹی نے محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کے ساتھ مل کر پناہ گاہوں کے معاملات کو بہتر بنانا تھا ، لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں پناہ گاہوں کی تعمیرو مرمت، مانیٹرنگ ، پناہ گاہوں کے انتظامی امور، ملازمین کی بھرتی بھی اتھارٹی کی ذمہ داری ہے ، اتھارٹی کا عملی طور پر قیام عمل میں نہ لائے جانے سے پناہ گاہوں کے لیے روٹین سے ہٹ کر فنڈز بھی فراہم نہیں کئے جارہے ۔