سائبر کرائم ـ:سرغنہ سمیت3افرا د گرفتار، ہزاروں سمیں برآمد
لاہور (نمائندہ دنیا )لاہور سمیت پنجاب بھر میں مختلف موبائل کمپنیوں کی ملی بھگت سے قوانین کے برعکس غیر قانونی سموں کی فروخت کا انکشاف ،ایف آئی اے سائبر ونگ نے لاہور کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر سرغنہ سمیت تین افراد کو گرفتار کر کے ہزاروں سمیں اور بائیو میٹرک مشین اور موبائل فون برآمد کر لیے ،مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے فرنچائز کے مالک کاشف محمود دیوان کو گرفتار کر لیا ، جس کے بارے میں ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ یہ غیر قانونی سموں کی بائیو میٹرک بوگس فنگر پرنٹ تصدیق کرنے والے گروہ کا سرغنہ ہے اور اب تک ہزاروں سمیں فروخت کر چکا ہے اس کے قبضے سے مختلف بائیو میٹرک مشین ہزاروں سمیں اور موبائل فون برآمد کر لیے ہیں اور اس کے خلاف مزید کارروائی شروع کر دی گئی ہے ۔