شہر کو خوبصورت بنانے کیلئے 1کھرب37ارب منظور

شہر کو خوبصورت بنانے کیلئے 1کھرب37ارب منظور

لاہور (اپنے سٹی رپورٹر سے ،سیاسی نمائندہ) 8سال بعد لاہور کی سنی گئی،ایک کھرب 37ارب روپے کی منظوری دے دی گئی،وزیر اعلیٰ مریم نواز لاہور کو خوبصورت بنانے کے لئے سنجیدہ ہو گئیں۔ تفصیل کے مطابق باغوں کے شہر کے ری ویمپنگ پروگرام کے لئے 137 ارب روپے کا بجٹ منظور کر لیا گیا۔

 لاہور کے گلی محلوں، کوچوں ،پسماندہ اور مضافاتی بستیوں کے لئے خزانے کے منہ کھول دئیے گئے ۔ری ویمپنگ پروگرام میں نکاسی آب، پختہ سڑکیں، سٹریٹ لائٹس اور گلیاں شامل ہیں۔اسی طرح پارکس اور قبرستانوں کی بحالی کا کام بھی پروگرام میں شامل ہے ۔867 سکیموں کے لئے 78 ارب ،مضافاتی اور پسماندہ علاقوں کے لئے 59 ارب روپے کی رقم منظور ہوئی۔لاہورری ویمپنگ پروگرام کے 3 پیکیج منظور کئے گئے ۔پہلے پیکیج میں 6 زون، پیکیج ٹو میں 3 زون کی ترقیاتی سکیمیں ،پیکیج تھری میں مضافاتی اور پسماندہ علاقوں کی سکیمیں منظور کی گئیں۔ ری ویمپنگ پروگرام مکمل کرنے کیلئے وزیر اعلیٰ نے 10 ماہ کی ڈیڈ لائن دیدی۔واضح رہے کہ پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مالی سال 2024-25 کے صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے بارہویں اجلاس میں لوکل گورنمنٹ اوراربن ڈویلپمنٹ سیکٹر زکی ترقیاتی سکیموں کے لئے مجموعی طور پر 1 کھرب 37 ارب کی منظوری دی۔ لاہور کے مختلف علاقوں نشتر I- زون، علامہ اقبال II- زون، راوی زون، داتا گنج بخش زون، سمن آباد زون، گلبرگ زون، شالامار زون، عزیز بھٹی زون، واہگہ زون، نشتر II- زون اور علامہ اقبال زون میں روڈز اور گلیوں کی بہتری و بحالی سمیت سیوریج و نکاسی آب اور سٹریٹ لائٹس کیلئے 58 ارب 99کروڑ 81 لاکھ 50 ہزار ، اربن ڈویلپمنٹ موڈ کے تحت وزیر اعلیٰ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام برائے علامہ اقبال زون، نشتر زون I-، نشتر زون II-، سمن آباد زون، راوی زونII-، راوی زون I-، شالیمار زون، عزیز بھٹی زون، گلبرگ زون، واہگہ زون I- اور واہگہ زون II- کیلئے 73ارب 30 کروڑ روپے جبکہ لوکل گورنمنٹ پنجاب میں آئی ٹی پر مبنی مانیٹرنگ سسٹم کی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے (ترمیمی) کیلئے 69کروڑ 50لاکھ 8 ہزار روپے شامل ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں