میٹرک ٹاپرز کی سرکاری سطح پر حوصلہ افزائی کی تیاریاں

میٹرک ٹاپرز کی سرکاری سطح پر حوصلہ افزائی کی تیاریاں

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)7 سال بعد میٹرک کے ٹاپرز کی سرکاری سطح پر حوصلہ افزائی کی تیاریاں شروع۔

اس ضمن میں وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے میٹرک کے ٹاپر بچوں کے اعزاز میں پروقار تقریب کے انعقاد کے حوالے سے اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس کی صدارت کی جس میں ڈی سی آفس، ہوم ڈیپارٹمنٹ، آئی جی آفس، پروٹوکول، محکمہ تعلیم، ڈی جی پی آر سمیت دیگر محکموں کے افسروں نے شرکت کی۔ تقریب کے انعقاد کے حوالے سے وزیر تعلیم نے مختلف بورڈز کے سیکرٹریز پر مشتمل کوارڈینیشن کمیٹی بناتے ہوئے ٹاپر طلبہ کے شایان شان انتظامات کرنے اور کوئی کسر نہ چھوڑنے کی ہدایت کی۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ تمام بورڈز کے ٹاپر طلبا کو خصوصی ایوارڈز اور بڑے کیش پرائز دئیے جائیں گے۔ لاہور آمد پر طلبہ کو سرکاری پروٹوکول اور گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا اور مکمل پروٹوکول کے ساتھ تقریب کے مقام پر لایا جائے۔ طلبا کے اعزاز میں شاہی قلعہ میں عشائیہ بھی دیا جائے گا۔ رانا سکندر حیات نے کہا کہ طلبہ اور ان کے اساتذہ کی حوصلہ افزائی کیلئے ہر طالب علم کی جانب سے نامزد استاد کو بھی خصوصی ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں