ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی،لاکھوں کی ادویات بار ش کی نذر

ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی،لاکھوں کی ادویات بار ش کی نذر

لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے)ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی لاہور کی ناقص کارکرگی، لاکھوں روپے کی ادویات بارش میں ضائع کردی گئیں۔

یکم اگست کی بارش نے ہسپتالوں کے ساتھ سی ای او آفس میں ادویات بھی ڈبو دی تھیں جس کو تاحال چھپایا جارہا تھا۔دنیا نے پانی میں بھیگی ہوئی ادویات کی تصاویر حاصل کرلی ہیں۔ پنجاب ہیلتھ فیسیلٹیز مینجمنٹ کمپنی کے ڈسٹرکٹ منیجر اور سی ای او ہیلتھ لاہور سے ادویات کو سٹور کرنے کے حوالے سے مینجمنٹ نہ ہوسکی اور سالوں سے ادویات کو سی ای او آفس کے گراؤنڈ فلور کے برآمدہ میں رکھا جاتا ہے ۔ان شدید بارشوں کی پیش گوئی کے باوجود ادویات کو محفوظ مقام پر منتقل نہ کیا گیا اور یکم اگست کی بارش نے ہسپتالوں کے ساتھ ساتھ کوپر روٹ پر موجود پانچ فٹ گہرے سی ای او آفس کو بھی ڈبو دیا تھا۔ اس غفلت کے نتیجے میں حکومت پنجاب کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے مگر اس ساری صورتحال کو صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر ،سیکرٹری ہیلتھ اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے چھپانے کے لیے پانی سے بھیگی ادویات کو رورل ہیلتھ سنٹر اعوان ڈھائے والا اور واہگہ بارڈر کے قریب موجود ڈسپنسریوں میں منتقل کر دیا گیا۔چیف ایگزیکٹیو آفیسر ہیلتھ اتھارٹی لاہور ڈاکٹر زوہیب حسن نے کہا ہے کہ ایسی کوئی ادویات پانی میں ضائع نہیں ہوئی ہیں ،شاید یہ کوئی پرانی تصاویر ہوں گی اور مجھے آئے تو ایک ماہ ہوا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں