ترقی ،نیشنل مینجمنٹ کورس جنوری میں ہونے کا امکان
لاہور(حمزہ خورشید سے)گریڈ 20 میں ترقی کے لئے نیشنل مینجمنٹ کورس جنوری میں ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکرٹری خزانہ پنجاب مجاہد شیر دل،کمشنر لاہور زید بن مقصود،سیکرٹری انڈسٹریز احسان بھٹہ ، سیکرٹری جنگلات مدثر وحید ملک، سیکرٹری ایکسائز مسعود مختار، کمشنر ڈیرہ غازی خان ناصر محمود بشیر، کمشنر گوجرانوالہ نوید حیدر شیرازی، سیکرٹری پاپولیشن نادیہ ثاقب سمیت دیگر افسر بھی نیشنل مینجمنٹ کورس میں شرکت کریں گے۔ تمام افسر چار ماہ کی پروموشن ٹریننگ میں شرکت کریں گے۔ نیشنل مینجمنٹ کورس میں افسروں کی شرکت کے باعث صوبہ کے بڑے عہدوں پر تبدیلیاں ہوں گی۔ذرائع کے مطابق کمشنر ڈیرہ غازی خان و گوجرانوالہ بھی تبدیل ہوں گے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ماضی میں پنجاب حکومت کی جانب سے روکے گئے افسروں کی شرکت کو لازمی قرار دے دیا گیا ۔اس مرتبہ ٹریننگ میں شرکت نہ کرنے والے افسروں کو ترقی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔پنجاب حکومت نے اگست میں 8 افسروں کو ٹریننگ میں شمولیت سے روک لیا تھا۔پنجاب حکومت کے روکنے پر وفاق کی جانب سے سخت احکامات جاری کئے گئے۔