شمسی توانائی سکیم میں مزید وسعت لانے کا فیصلہ

 شمسی توانائی سکیم میں مزید وسعت لانے کا فیصلہ

لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پنجاب میں زراعت، شمسی توانائی اور صنعتی انقلاب کے لئے بڑے فیصلے کئے ہیں-وزیراعلیٰ نے 28 فروری تک 10 ہزار ٹریکٹرزمارچ تک مزید 2 ہزارسپرسیڈرز رعایتی قیمت پر کسانوں کو دینے کی ہدایت کی۔

ان خیالات کا اظہار سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے زراعت، توانائی، صنعت کی وزارتوں اور ذیلی محکموں کی کارکردگی کا جائزہ کیلئے منعقدہ اجلاس میں کیا۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) کے تحت چھ ماہ کے دوران وزارتوں اور محکموں کی کارکردگی کے جائزے کے سلسلے میں یہ چھٹا اجلاس تھا ۔ترقی اور منصوبہ بندی کے چیئرمین نبیل احمد اعوان،آصف طفیل اوردیگر محکموں کے سیکرٹریوں نے اجلاس میں شرکت کی -تمام وزارتوں اور محکموں نے چھ ماہ کے دوران وزیراعلیٰ کے شروع کردہ منصوبوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ کی پنجاب کے شہریوں کو مفت شمسی توانائی دینے کی سکیم میں مزید تیزی اور وسعت لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اجلاس میں سرکاری عمارتوں کی شمسی توانائی پر منتقلی اور قابل تجدید توانائی کے منصوبے کو جون تک مکمل کرنے کا بڑا فیصلہ کیاگیا ۔مالٹے ، کنوں جیسے سڑس پھلوں کی بحالی اور ترقی کابڑا پروگرام شروع کرنے ، پنجاب میں مثالی زرعی مال قائم کرنے کا فیصلہ بھی ہوا ۔ سینئر صوبائی وزیر نے کہا کسانوں کو پیداوار بڑھانے، برآمدات میں اضافے کی سہولیات دی جائیں گی اور شمسی توانائی کے فروغ کے لئے چھ ارب کے اضافی فنڈ بھی دئیے جائیں گے -کوڑے کرکٹ سے بجلی بنانے کے فنڈکے قیام کا عمل مارچ تک مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی -پنجاب اسمبلی، انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سمیت دیگر محکموں اور وزارتوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں