پی آر اے کا ٹیکس نیٹ کا دائرہ کار بڑھانے کیلئے فیصلہ

لاہور(اپنے سٹی رپورٹر سے)پنجاب ریونیو اتھارٹی نے ٹیکس نیٹ کا دائرہ کار بڑھانے کیلئے بڑا فیصلہ کرلیا،پنجاب حکومت کی معاونت سے غیر رجسٹرڈ ٹیکس نادہندگان کے گرد گھیرا تنگ کرنے کیلئے حکمت عملی بھی تیار کر لی گئی۔
ترجمان کے مطابق پی آر اے تحصیل اور ضلعی سطح پر غیر رجسٹرڈ افراد کا ڈیٹا اکٹھا کرنے کیلئے پنجاب حکومت کے افسروں کی مدد لے گی،ضلعی سطح پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اور تحصیل سطح پر متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز ڈیٹا اکٹھا کریں گے ،پنجاب سیلز ٹیکس آن سروسز ایکٹ کے تحت شادی ہالز ، ہوٹل موٹلز اور گیسٹ ہاؤس کا ڈیٹا اکٹھا کیا جائے گا ،کیٹرنگ، ریسٹورنٹس ،کیبل ،ٹی وی آپریٹرز ،انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والے غیر رجسٹرڈ افراد کا بھی ڈیٹا اکٹھا کیا جائے گا ۔اس کے علاوہ متعلقہ افسر بلڈرز ، رئیل اسٹیٹ ، پراپرٹی ڈیلرز ، آٹوموبائل ڈیلرز ،بیوٹی پارلرز ، سیلون ، کلینک ، ٹور آپریٹرز ، کمیشن ایجنٹس سمیت دیگر مجموعی طور پر 21 سروس پرووائیڈرز کا ڈیٹا اکٹھا کیا جائے گا۔پنجاب ریونیو اتھارٹی نے اتھارٹی ایکٹ کے متعلقہ سیکشن کا استعمال کرتے ہوئے افسروں کو دو سال تک کے لئے اختیار سونپ دئیے ۔ اتھارٹی نے تمام متعلقہ افسروں کی معاونت کیلئے اے ڈی سی عائشہ رانجھا کو فوکل پرسن تعینات کر دیا۔