آلودگی کا سبب سرکاری گاڑیوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

آلودگی کا سبب سرکاری گاڑیوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

لاہور(اپنے سٹی رپورٹر سے،کرائم رپورٹر)پنجاب کی سرکاری گاڑیوں کے گرد شکنجہ سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا، آلودگی کا باعث بننے والی سرکاری گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن ہو گا۔

اس ضمن میں ڈی جی ماحولیات عمران حامد شیخ نے پنجاب کے تمام محکموں، کمشنرز، ڈی سیز کو مراسلہ لکھ دیا جس کے متن کے مطابق 30جنوری کے بعد پنجاب کی سرکاری گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ شروع ہوگی ،محکمہ ماحولیات، ٹرانسپورٹ کی ٹیمیں ڈیڈلائن کے بعد سرکاری گاڑیوں کی انسپکشن شروع کریں گی۔ مراسلے میں سرکاری محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ 30جنوری سے قبل وہیکل انسپکشن سرٹیفکیٹ حاصل کئے جائیں، تمام محکموں کے افسر گاڑیوں کی انسپکشن کو یقینی بنائیں۔علاوہ ازیں پنجاب پولیس نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں لاہور سمیت مختلف اضلاع میں سموگ کریک ڈاؤن کے دوران 2 مقدمات درج کئے ، قانون شکن عناصر گرفتار کر لئے گئے ۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق309 افراد کو 9 لاکھ 48 ہزار روپے جرمانے ، 35 افراد کو وارننگ جاری کی گئی ، فصلوں کی باقیات جلانے کی 1، زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی 309خلاف ورزیاں ہوئیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا اینٹوں کے بھٹوں کی 9 خلاف ورزیاں رپورٹ کی گئیں۔ رواں سال کے پہلے 19 دن میں انسداد سموگ کریک ڈاؤن میں مجموعی طور پر 32 ملزم گرفتار، 53 مقدمات درج کئے گئے ۔ 7920 افراد کو مجموعی طور پر 1 کروڑ 59 لاکھ روپے سے زائد جرمانے کئے گئے ۔ 621 افراد کو وارننگ جاری کی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں