2لاکھ گلیوں میں ترقیاتی کام ادھورے،عوام مشکلات کا شکار
لاہور (شیخ زین العابدین)لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ون میں گلیوں کی بحالی کا کام تاخیر کا شکار ہے ۔ دو لاکھ گلیوں میں سیوریج اور ۔۔
واٹر سپلائی بچھانے کے بعد ٹف ٹائل اور کارپٹنگ کا منصوبہ 30 جون کی ڈیڈ لائن تک مکمل نہ ہو سکا۔ حکومت نے تاخیر دور کرنے کے لیے نیا پلان تیار کر لیا ۔ ذرائع کے مطابق لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ون کے تحت شہر کی دو لاکھ گلیوں میں سیوریج اور واٹر سپلائی لائنز کی تنصیب مکمل ہونے کے بعد ٹف ٹائل اور کارپٹنگ کا کام جاری ہے ۔ تاہم منصوبے کے مطابق گلیوں کی بحالی کا 30 جون کا ہدف پورا نہ ہو سکا، جس کے باعث شہری علاقوں میں روڈ کٹس اور کھلی سڑکیں عوام کے لیے مشکلات کا باعث بن رہی ہیں۔حکومتی سطح پر اب تاخیر کے ازالے کے لیے نیا پلان تشکیل دے دیا گیا ہے ۔ واسا کے ڈیپازٹ ورک کے تحت ایل ڈی پی میں گلیوں کی مرمت کا کام کرنے والا ایل ڈی اے اب ایم سی ایل کی حدود میں بھی یہ کام کرے گا۔ گلیوں کی بحالی کا منصوبہ ایل ڈی اے کے شعبہ انجینئرنگ کے سپرد کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے اور میٹنگ منٹس کے اجرا کے بعد ایل ڈی اے باضابطہ طور پر گلیوں کی بحالی شروع کرے گا۔حکام کے مطابق شہری علاقوں میں روڈ کٹس کی بروقت مرمت کے لیے عملدرآمد تیز کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے ۔ ایل ڈی پی منصوبے کا مقصد شہری سہولیات میں واضح بہتری لانا ہے ، تاہم واسا کی جانب سے سیوریج اور واٹر سپلائی لائنز کی تنصیب کے بعد گلیوں کی موجودہ حالت شہریوں کے لیے پریشانی کا باعث ہے ۔ ٹف ٹائل اور کارپٹنگ کے کام میں تاخیر ختم کرنے کے لیے ایل ڈی اے انجینئرنگ ونگ کو اضافی وسائل فراہم کرنے کی تجویز دی گئی ہے ، جبکہ حکومت نے منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل کرنے پر زور دیا ہے ۔ حکام پر امید ہیں کہ اس منصوبے کی تکمیل سے لاہور کی گلیوں اور سڑکوں کا معیار نمایاں طور پر بہتر ہو گا۔