راشن کارڈ: 2 لاکھ ورکرز کو ماہانہ 3 ہزارکی سبسڈی ملنے لگی
لاہور (عاطف پرویز سے) پنجاب حکومت نے مزدور طبقے کے لیے بڑا ریلیف فراہم کر دیا ہے۔ مریم نواز راشن کارڈ سکیم کے تحت صوبے کے دو لاکھ رجسٹرڈ ورکرز کو ماہانہ تین ہزار روپے سبسڈی ملنا شروع ہو گئی ہے۔
کم از کم اجرات اور ڈی جی لیبر ویلفیئر کی استعداد کار بڑھانے کے لیے نئی اتھارٹی کی تشکیل پر کام شروع کردیا گیا ۔سیکرٹری لیبر نعیم غوث نے روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سکیم کے تحت روزانہ چھ سے سات ہزار ورکرز کو کارڈز تقسیم کیے جا رہے ہیں تاکہ مرحلہ وار تمام ورکرز کو سہولت فراہم کی جا سکے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اگلے چھ سے سات ماہ میں تیرہ لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ورکرز کو بھی یہ کارڈز فراہم کر دیے جائیں گے ۔ حکومت نہ صرف مزدوروں کو ریلیف فراہم کر رہی ہے بلکہ کم از کم اجرت کے قانون پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے خصوصی وزٹ بھی کیے جا رہے ہیں۔سیکرٹری محنت نے کہا کہ حکومت نے لیبر سے متعلق امور میں مزید بہتری لانے کا فیصلہ کیا ہے۔