اچھرہ میں سیوریج اور بجلی کے نظام کی بدترین صورتحال
شہریوں کی زندگیاں خطرے میں،گندگی، تعفن اور بیماریوں پیداہونے لگیں
لاہور( دی رپورٹر)لاہور کے علاقے اچھرہ کی معروف ایوان سٹریٹ، مقبول روڈ پر رہائشی عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ تین سال گزرنے کے باوجود یہاں کا سیوریج سسٹم مکمل طور پر ناکارہ ہو چکا ہے ، جس کی وجہ سے گلیوں میں گندے پانی کی نکاسی نہ ہونے کے باعث گندگی، تعفن اور بیماریوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔رہائشیوں کے مطابق گزشتہ چھ ماہ سے علاقے کی سڑک کے عین درمیان ایک پرانا بجلی کا ٹرانسفارمر نصب ہے ، جس کے ساتھ ایک خستہ حال کھمبا بھی لگا ہوا ہے ۔ اس کھمبے پر لگی لکڑی کی سپورٹ انتہائی کمزور ہو چکی ہے ، جو کسی بھی وقت گر سکتی ہے ۔ اس کے گرنے کی صورت میں نہ صرف شہریوں کی جانوں کو خطرہ ہے بلکہ قریبی عمارتوں، دکانوں اور راہگیروں کو بھی کرنٹ لگنے کا شدید خدشہ ہے ۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ٹرانسفارمر کی غلط جگہ پر تنصیب نے نہ صرف ٹریفک کی روانی کو متاثر کیا ہے بلکہ بارشوں میں صورتحال مزید خطرناک ہو جاتی ہے ۔ پانی میں کرنٹ آ جانے کا اندیشہ ہر وقت موجود رہتا ہے ۔