ناصر باغ میں صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانیکی ہدایت
ڈی جی پی ایچ اے کا ناصر باغ کا دورہ،پارک کی بحالی کے کاموں کا معائنہ
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )ڈی جی پی ایچ اے منصور احمد نے ناصر باغ اور استنبول چوک کے قریب نئی گرین بیلٹ کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر انہوں نے صفائی، گھاس کی بحالی اور خوبصورتی میں اضافے کے لیے ہدایات بھی جاری کیں۔ڈی جی پی ایچ اے کا کہنا ہے کہ شہریوں کو صاف، خوبصورت اور معیاری تفریحی مقامات فراہم کرنا ادارے کی اولین ترجیح ہے ۔ڈی جی نے ناصر باغ کا دورہ کرتے ہوئے پارک کی بحالی اور صفائی کے کاموں کا معائنہ کیا۔
انہوں نے ہدایت دی کہ جہاں گھاس خراب ہے وہاں فوری طور پر نئی گھاس لگائی جائے ،جبکہ تالاب سے پرانا پانی نکال کر صفائی کے بعد نیا پانی بھرا جائے ۔ڈی جی نے پارک میں صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے بھی احکامات دیے ۔ان کا کہنا تھا کہ تمام پارکس کو بہترین حالت میں لانے کے لیے ٹیموں کو واضح ٹارگٹس دے دیے گئے ہیں۔بعد ازاں ڈی جی منصور احمد نے استنبول چوک ٹاؤن ہال کے سامنے نئی بننے والی گرین بیلٹ کا بھی جائزہ لیااور اس کے کام کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔