محکمہ صنعت اور ہانگ کانگ چیمبر کے مابین تعاون کا معاہدہ

محکمہ صنعت اور ہانگ کانگ چیمبر کے مابین تعاون کا معاہدہ

پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے انتہائی سازگار ماحول موجود:وزیر صنعت

لاہور(خبر نگار )صوبائی وزیر صنعت و تجارت شافع حسین نئی سرمایہ کاری لانے کے لئے سرگرم عمل،ہانگ کانگ پہنچ گئے ۔ محکمہ صنعت و تجارت پنجاب اور ہانگ کانگ جنرل چیمبر آف کامرس کے مابین تعاون کا معاہدہ طے پاگیا۔صوبائی وزیر صنعت اور ہانگ کانگ جنرل چیمبر آف کامرس کی چیئرمین ایگنس چن نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے ۔ معاہدے کی رو سے ایشیا کے بڑے کاروباری مرکز ہانگ کانگ اور پنجاب کے مابین معاشی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔معاہدے کے تحت دوطرفہ تجارت،سرمایہ کاری اور معاشی اشتراک بڑھایا جائے گا اور ہانگ کانگ اور پنجاب کی بزنس کمیونٹی کے مابین باہمی مفادات کو فروغ دیا جائے گا۔

کاروباری سرگرمیوں کیلئے سہولت کاری،مارکیٹ کے مواقع کا تبادلہ اور مشترکہ تجارتی اقدامات کئے جائیں گے ۔صوبائی وزیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے انتہائی سازگار ماحول موجود ہے ،پنجاب کے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری پر 10سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ اور ایک مرتبہ ڈیوٹی فری مشینری کی درآمد کی سہولت موجود ہے ۔صنعتی یونٹس لگانے کیلئے سپیشل اکنامک زونز میں آسان اقساط میں زمین حاصل کی جاسکتی ہے ۔ ہانگ کانگ کے سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں