لیسکو نے سنگل فیز میٹر کی تنصیب مزید مشکل بنا دی
نیا کنکشن لگوانا عذاب بن گیا،صارفین کو کئی روز پراسس کے بعد میٹر ملے گا
لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے )لیسکو نے سنگل فیز میٹر کی تنصیب اور مشکل بنا دی ، نیا سنگل فیز کنکشن لگوانا عذاب بن گیا ۔نیو کنکشنز کے میٹرز کیلئے صارف کو لیسکو این او سی جاری کریگی ، صارفین اسکی بنیاد پر نجی کمپنیوں سے میٹرز خریدیں گے ،میٹر ساز کمپنیاں انسپکشن کے بعد مطلوبہ میٹر لیسکو سٹور میں جمع کروائیں گی، سب ڈویژن کی جانب سے انوائس کے بعد صارف کا میٹر لینے کیلئے ای آر پی سسٹم میں ڈیمانڈ شامل کی جائیگی۔ ذرائع کے مطابق ای آر پی سسٹم کے لمبے عمل سے گزرنے کے بعد میٹر وصولی کیلئے ایس آر کا عمل شروع ہوگا، کئی روز پراسس کے بعد صارف کا اپنا خریدا ہوا میٹر اسے دیا جائیگا، سنگل فیز میٹرز فراہمی کے لمبے پراسس سے صارفین پریشان ہیں۔