داتا دربار ، بھاٹی کے علاقوں کی ری ماڈلنگ کی تیاریاں

داتا دربار ، بھاٹی کے علاقوں کی ری ماڈلنگ کی تیاریاں

سڑکوں کو کشادہ کرتے ہوئے ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنایا جائے گا

لاہور (سٹاف رپورٹر سے )لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ٹیپا نے داتا دربار اور بھاٹی گیٹ کے اردگرد کے علاقے کی مکمل ری ماڈلنگ اور توسیع کا منصوبہ فائنل کر لیا۔تھری ڈی ویڈیو کے اجرا کے ساتھ ہی شہر کے سب سے زیادہ رش والے اس ایریا کو جدید، منظم اور صاف ستھرا بنانے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔منصوبے کے تحت داتا دربار کے سامنے کے تمام ایریاز سے گندگی، تجاوزات اور بے ترتیبی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔لوئر مال، بھاٹی چوک اور موہنی روڈ کی سڑکوں کو کشادہ کرتے ہوئے ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنایا جائیگا۔زائرین کیلئے واک ویز، پیڈیسٹرین انڈر پاسز، سیٹنگ ایریاز اور پارکنگ کی سہولت بھی فراہم کی جائیگی۔داتا دربار کے سامنے سے تمام رکاوٹیں ہٹا کر ایک وسیع گرین ایریا اور منظم پارکنگ ایریا قائم کیا جائیگا۔ بھاٹی چوک اور اطراف میں موجود پرانی اور خستہ حال عمارتوں کا فساڈ بہتر کر کے علاقے کی تاریخی شناخت کو بحال کیا جائیگا۔ منصوبے کے ذریعے پورے زون کو ڈسٹ فری بنانے اور شہری خوبصورتی میں اضافہ کرنے کیلئے سڑکوں اور راستوں کی ازسرِنو تعمیر کی جا رہی ہے ۔منصوبہ مکمل ہونے پر اس راستے سے یومیہ اڑھائی لاکھ سے زائد گاڑیاں باآسانی گزر سکیں گی،جبکہ ٹریفک جام، ماحولیاتی آلودگی اور پیدل چلنے والوں کی مشکلات میں واضح کمی آئے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں