ستائیسویں ترمیم ملکی مسائل میں کمی کا اہم ذریعہ، احمد عتیق
رانا تنویر نے امامیہ کالونی پل بنواکر پورے ملک کو مشکل سے نکالا، پیر اشرف
کالا شاہ کاکو(نامہ نگار)وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے تبدیلی موسمیات اور چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے آبی وسائل رانا احمد عتیق انور نے کہا ہے کہ ستائیسویں آئینی ترمیم ملکی مسائل میں کمی کا اہم ذریعہ ہے جس سے نہ صرف ملک کی اعلیٰ عدلیہ پر دباؤ کم ہو گا بلکہ بلدیاتی نظام استحکام حاصل کرکے عوامی مسائل کے بر وقت حل کا ذریعہ بنے گا۔ جی ٹی روڈ کالا شاہ کاکو پرمنعقدہ ایک تقریب کے موقع پر رکن پنجاب اسمبلی پیر اشرف رسول، چودھری ارشد ورک، رانا حسیب عامر، رانا ماجد نواز، حبیب اﷲ گجر، رانا محمد اشرف کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے رانا احمد عتیق انور نے کہا وفاق کی مضبوطی اور عوامی مسائل کے جلدحل کے لیے آئینی ترامیم وقت کی اہم ضرورت تھی۔ پیر اشرف رسول نے کہا کہ پی ٹی آئی کے چار سالہ دور میں فیروزوالہ اور مریدکے کے علاقوں کو میٹرو بس جیسی سہولت سے محروم رکھا گیا، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف عوام کو سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہیں اور دوسرے مرحلے میں ضلع شیخوپورہ کے علاقوں کو گرین بسیں فراہم کرنے کے بعد میٹرو بس روٹ میں اضافے کا منصوبہ بھی منظور کرلیا جائے گا، وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے امامیہ کالونی فلائی اوور تعمیر کروا کر پورے ملک کے عوام بہت بڑی مشکل سے نجات دلائی ہے ۔