مہنگائی ، ناجائز چالانوں کیخلاف ملی رکشہ یونین کامظاہرہ

مہنگائی ، ناجائز چالانوں کیخلاف ملی رکشہ یونین کامظاہرہ

کئی مظاہرین نے گلے میں روٹی اور بجلی کے بلوں کے ہار پہن رکھے تھے

لاہور(سیاسی نمائندہ)رکشہ یونین کے زیرِ اہتمام پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے ، مہنگائی اور ناجائز چالانوں کے خلاف کلمہ چوک میں شدید احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاج میں سینکڑوں رکشہ ڈرائیوروں نے شرکت کرتے ہوئے اپنے رکشوں کی چابیاں زمین پر پھینک دیں اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔احتجاجی مظاہرے میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ لاہور کے جنرل سیکرٹری حمید الحسن گجر، ملی رکشہ یونین پنجاب کے صدر رانا شمشاد، ترجمان لاہور عبدالحنان سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ شرکا ہاتھوں میں کتبے اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جبکہ کئی مظاہرین نے گلے میں روٹی اور بجلی کے بلوں کے ہار پہن رکھے تھے ، جو مہنگائی اور بڑھتے ہوئے اخراجات کے خلاف علامتی احتجاج بن گیا۔صدر ملی رکشہ یونین پنجاب رانا شمشاد کا کہنا تھا کہ حکومت کبھی 4 اور کبھی 6 روپے پیٹرول سستا کرکے غریب عوام کے ساتھ مذاق کر رہی ہے ۔احتجاجی شرکا ٹریفک وارڈنز کے ناجائز چالان کرنے پر آبدیدہ ہوگئے ۔ اگر حکومت نے اپنی پالیسی نہ بدلی تو ڈرائیور پیشہ افراد کی موت کی ذمہ دار حکومت ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں