تعطیلات میں سمرکیمپس، نجی سکولوں بارے نوٹیفکیشن جاری نہ ہوا
لاہور(خبر نگار) پنجاب کے سرکاری سکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات کے دوران سمر لرننگ کیمپس کے قیام کی منظوری دے دی گئی، تاہم نجی سکولوں کے حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن تاحال جاری نہ ہو سکا۔
محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق صوبے کے 12 اضلاع کے 3030 منتخب سکولوں میں مجموعی طور پر 6060 لرننگ کیمپس قائم کیے جائینگے ۔ یہ کیمپس 2جون 2026سے 7اگست 2026 تک جاری رہیں گے۔ ذرائع کے مطابق لرننگ کیمپس آٹھ ہفتوں تک ہفتے میں پانچ دن کام کریں گے جبکہ اوقات کار صبح 7بجے سے 9:30 بجے تک مقرر کیے گئے ہیں۔ محکمہ سکول ایجوکیشن نے متعلقہ اضلاع کے سی ای اوز کو ہدایت جاری کی ہے کہ لرننگ کیمپس کی مؤثر نگرانی، طلبہ کی شرکت اور کمیونٹی موبلائزیشن کو یقینی بنایا جائے۔حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام تعلیم پروگرام کے تحت طلبہ کے تعلیمی تسلسل کو برقرار رکھنے اور تعطیلات کے دوران سیکھنے کے عمل کو جاری رکھنے کیلئے کیا جا رہا ہے ۔