کفایت شعاری ،ورکرز ویلفیئر فنڈ میں 553 اسامیاں ختم

کفایت شعاری ،ورکرز ویلفیئر فنڈ میں 553 اسامیاں ختم

اخراجات میں کمی اور مالی نظم و ضبط کیلئے یہ فیصلہ ناگزیر تھا:حکام کامؤقف

لاہور(خبرنگار ) پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ میں کفایت شعاری مہم کے تحت 553 اسامیاں ختم کر دی گئیں، جسکے بعد ادارے میں مالی بچت کے دعوؤں کے ساتھ نئے انتظامی بحران سے متعلق خدشات بھی سامنے آنے لگے ہیں۔ذرائع کے مطابق ختم کی جانیوالی اسامیوں میں سکولوں اور دفاتر کی سینکڑوں پوسٹیں شامل ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان اسامیوں پر گزشتہ آٹھ برس سے بھرتیاں نہیں ہو سکیں، جسکے باعث انہیں غیر ضروری قرار دیتے ہوئے ختم کرنیکا فیصلہ کیا گیا۔ حکام کے مطابق اس اقدام سے ادارے کو ماہانہ تقریباً 5کروڑ روپے کی بچت ہوگی، اگر ہر اسامی کی اوسط تنخواہ ایک لاکھ روپے شمار کی جائے۔حکام نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اخراجات میں کمی اور مالی نظم و ضبط کیلئے یہ فیصلہ ناگزیر تھا۔ جبکہ ختم کی گئی پوسٹوں کی عملی ضرورت موجود نہیں تھی۔دوسری جانب ملازمین نے اس فیصلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے ہی عملے کی کمی کا سامنا ہے اور مزید اسامیاں ختم ہونے سے تعلیمی اداروں اور دفاتر کا انتظامی ڈھانچہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں