مڈل امتحانات ، ڈیوٹی دینے والے اساتذہ معاوضے سے محروم

مڈل امتحانات ، ڈیوٹی دینے والے اساتذہ معاوضے سے محروم

امتحانی ڈیوٹیوں کے معاوضے بلا تاخیر جاری کیے جائیں :پنجاب ٹیچر یونین

لاہور(خبر نگار )پیکٹا کے تحت منعقد ہونے والے آٹھویں جماعت کے امتحانات میں ڈیوٹیاں سرانجام دینے والے اساتذہ کو معاوضے کی ادائیگیاں تاحال نہ ہو سکیں۔ نتائج جاری ہونے کے ڈیرھ ماہ گزرنے کے باوجود ہزاروں اساتذہ ادائیگیوں کے منتظر ہیں، جس پر تشویش اور بے چینی پائی جا رہی ہے ۔ذرائع کے مطابق صوبہ بھر میں 27 ہزار سے زائد اساتذہ نے امتحانی فرائض انجام دیے جبکہ پنجاب بھر میں تقریباً 5 ہزار امتحانی مراکز قائم کیے گئے تھے ۔ حکومت کی جانب سے امتحانی ڈیوٹی دینے والے ہر ٹیچر کے لیے 4 ہزار روپے معاوضے کا اعلان کیا گیا تھا۔اساتذہ کا کہنا ہے کہ اضافی ڈیوٹی کی انجام دہی کے باوجود تاحال معاوضے کی ادائیگی نہ ہونا افسوسناک ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر تمام واجبات ادا کیے جائیں تاکہ اساتذہ میں پائی جانے والی بے چینی ختم ہو سکے ۔دوسری جانب پنجاب ٹیچر یونین نے بھی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ امتحانی ڈیوٹیوں کے معاوضے بلا تاخیر جاری کیے جائیں تاکہ اساتذہ کو درپیش مالی مشکلات کا ازالہ ہو سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں