نیو جوڈیشل کمپلیکس کو جنوبی پنجاب کا عارضی سیکرٹریٹ بنانے کی تیاری، حتمی فیصلہ وزیراعلیٰ کرینگے

نیو جوڈیشل کمپلیکس کو جنوبی پنجاب کا عارضی سیکرٹریٹ بنانے کی تیاری، حتمی فیصلہ وزیراعلیٰ  کرینگے

وزیر توانائی ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری کا نیو جوڈیشل کمپلیکس کا دورہ ، کمپلیکس میں بجلی،پانی، گیس اور تمام دیگر سہولیات موجود ہیں:ڈپٹی کمشنر ، رپورٹ کیبنٹ کمیٹی کو ارسال کی جائے گی:ڈاکٹراختر ملک

ملتان(وقائع نگار خصوصی‘کورٹ رپورٹر)نیو جوڈیشل کمپلیکس کو جنوبی پنجاب کا عارضی سیکرٹریٹ بنانے کی تیاری کی جا رہی ہے ۔وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اخترملک اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب کیپٹن (ر) ثاقب ظفرنے نیو جوڈیشل کمپلیکس کا دورہ کیا۔سیکرٹری قانون بہادر علی خان،سیکرٹری صحت اجمل بھٹی،ڈپٹی کمشنر ملتان علی شہزاد اور ایڈیشنل سیکرٹری رضوان قدیر بھی ان کے ہمراہ تھے ۔صوبائی وزیر اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے جوڈیشل کمپلیکس کے مختلف بلاکس کا جائزہ لیا اور پارکنگ ایریاز اور کانفرنس روم کا معائنہ کیا۔وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹراختر ملک نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت کی خواہش ہے کہ سیکرٹریٹ کو مکمل طور پر فعال کیا جائے ۔اس سلسلے میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار پہلے ہی ساؤتھ پنجاب کیبنٹ کمیٹی تشکیل دے چکے ہیں۔جوڈیشل کمپلیکس کی عمارت کو ساؤتھ پنجاب سیکرٹریٹ کے طور پر استعمال کرنے بارے رپورٹ ساؤتھ پنجاب کیبنٹ کمیٹی کو ارسال کی جائے گی۔کیبنٹ کمیٹی سفارشات وزیر اعلیٰ کو ارسال کرے گی جو کہ حتمی فیصلہ کریں گے ۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نے کہا کہ ساؤتھ پنجاب سیکرٹریٹ کی مکمل فعالیت کے لئے بڑی بلڈنگ کی اشد ضرورت ہے ۔تمام محکموں کے سیکرٹریز کے دفاتر ایک عمارت میں قائم ہونے سے رابطہ کار میں اضافہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ نیو جوڈیشل کمپلیکس کے حوالے سے حتمی فیصلہ وزیر اعلیٰ کریں گے ۔سیکرٹری قانون پنجاب بہادر علی خان نے بتایا کہ حکومت نے نیو جوڈیشل کمپلیکس میں سیکرٹریٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا تو بلڈنگ حوالے کردی جائیگی اور نیوجوڈیشل کمپلیکس میں قائم عدالتوں کو یہاں سے منتقل کردیا جائیگا۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نیو جوڈیشل کمپلیکس791 کنال زمین پر محیط ہے اور کمپلیکس میں بجلی،پانی، گیس اور تمام دیگر سہولیات موجود ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں