ممکنہ سیلاب،متعلقہ محکمے تمام تیاریاں مکمل کر یں:ڈپٹی کمشنر
پلان کو حتمی شکل دی جائے تاکہ ہنگامی صورت میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے
مظفرگڑھ (نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین نے کہا کہ ضلع مظفرگڑھ دریائے سندھ اور دریائے چناب کے درمیان واقع ہے اس لئے ہر سال سیلاب کا خطرہ لاحق رہتا ہے ۔ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کی ذمہ داری ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلئے تمام تر تیاریاں کومکمل کرلیا جائے ، یہ بات انہوں نے سیلاب کے سلسلے میں ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی،انہوں نے متعلقہ محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ موجودہ وسائل کو استعمال کرتے ہوئے اپنے اپنے اداروں کے سیلاب سے متعلقہ پلان کو حتمی شکل دیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ انہوں نے محکمہ آبپاشی کے افسران کو ہدایت کی کہ دریا کے راستوں پر قائم تجاوزات کو ختم کیا جائے ، کمزور فلڈ بندوں اور پشتوں کی تعمیرو مرمت کے کام کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے ، سیلاب کی صورت میں قائم کئے گئے ریلیف کیمپوں میں تمام سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔