سماجی فاصلہ نہ ماسک، لمبی قطاریں، رمضان بازاروں میں ایس او پیز کی دھجیاں

سماجی فاصلہ نہ ماسک، لمبی قطاریں، رمضان بازاروں میں ایس او پیز کی دھجیاں

11رمضان بازاروں میں پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی موجودگی کے باوجود بازار میں آنیوالے شہری ماسک نہیں پہنتے ،سرکاری دفاتر میں بھی ایس او پیز کا کوئی خیال نہیں رکھا جا رہا

ملتان (کورٹ رپورٹر)شہر کے رمضان بازاروں میں کورونا وائرس کے حوالے سے بنائی گئی ایس او پیز کی دھجیاں اڑا دی گئیں۔چینی کے سٹالز پر مرد اور خواتین کی لمبی قطاریں ماسک کے استعمال کو بھی یقینی نہیں بنایا جا رہا۔شہر کے مختلف علاقوں میں قائم گیارہ رمضان بازاروں میں پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی موجودگی کے باوجود بازار میں آنیوالے شہری ماسک نہیں پہنتے ۔چینی اور آٹے کے سٹالز پر سب سے زیادہ رش لگتا ہے جہاں پر سماجی فاصلے کا بھی خیال نہیں کیا جاتا ضلعی انتظامیہ کے اقدامات صرف زبانی دعوئو ں تک محدود ہیں۔رمضان بازاروں کے علاوہ سرکاری دفاتر میں بھی ایس او پیز کا کوئی خیال نہیں رکھا جا رہا ۔سرکٹ ہاؤس کیساتھ موجود محکمہ انٹر پرائزز میں کوئی بھی ملازم دوران ڈیوٹی ماسک نہیں پہنتا جبکہ لینڈ ریکارڈ آفس اور پٹوار خانے میں بھی ماسک کا استعمال نہیں کیا جا رہا۔ڈپٹی کمشنر سمیت پوری انتظامیہ کورونا ایس او پیز کے حوالے سے روزانہ اجلاس بلاتی ہے اور کاغذ ی کارروائی میں سب اچھا ہے کی رپورٹ لکھ دی جاتی ہے لیکن حقیقت اسکے برعکس ہے ۔سرکاری دفاتر میں ماسک ہینڈ سینٹائزر اور سماجی فاصلے کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہے جس کے باعث شہر میں وائرس کے پھیلنے کی شدت کا خطرہ بڑھ گیا ہے لیکن انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں