ضلع ملتان میں سنجیدہ انسداد ڈینگی مہم چلانے کا حکم
ایئر کولرز سے ڈینگی لاروا ملنے کی شرح 48 فیصد ، پابندی کا امکان،سرویلنس کیلئے عملی کام کرنے کی ہدایات، محکموں کی سرگرمیوں کو مانیٹر کیا جائے :ڈپٹی کمشنر
ملتان(نیوز رپورٹر) ضلع ملتان میں ڈینگی کیخلاف سنجیدہ مہم چلانے کا حکم دیدیا گیا ۔ ڈینگی سرویلنس کیلئے اعدادوشمار کی بجائے عملی کام کرنے کی ہدایات جاری ۔ ایئر کولرز سے آئے روز لاروا برآمد ہونے پر پابندی کا امکان بڑھ گیا ۔ ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت انسداد ڈینگی مہم بارے جائزہ اجلاس منعقد کیا گیا ۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شعیب گرمانی، ڈاکٹر عطاالرحمان ، ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات ظفراقبال اور دیگر افسران نے شرکت کی ۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے ڈینگی کے خلاف مہم کو سنجیدگی کے ساتھ چلانے کا حکم دیا ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بریفنگ کے اعدادو شمار کی نہیں بلکہ عملی اقدامات کی ضرورت ہے ۔ ڈینگی سرویلنس کی سرگرمیاں حقائق پر مبنی ہونی چاہیئں ۔ انہوں نے کہا ڈینگی سرویلنس کرنے والے محکموں کی سرگرمیوں کو مانیٹر کیا جائے ۔ اگر ضلع میں ڈینگی کا کوئی کیس سامنے آ گیا تو شدید رد عمل آئے گا ۔ ان کا کہنا تھا کہ ایئر کولر کے استعمال پردفعہ 144کے تحت پابندی لگانے کی ضرورت ہے تو محکمہ صحت تحریری رپورٹ پیش کرے ۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کو محکمہ صحت کی جانب سے ڈاکٹر عطاء الرحمٰن نے بریفنگ بھی دی ۔ بریفنگ میں ڈی سی کو بتایا گیا کہ گزشتہ 10 روز کے دوران 24 ائر کولرز سے ڈینگی لاروا کے شواہد ملے ہیں ۔ ایئر کولرز سے ڈینگی لاروا ملنے کی شرح 48 فیصد ہے ۔ 10یوم کے دوران 12مقامات پر پرندوں کے پانی کے برتنوں اور 8واٹر ٹینک سے ڈینگی لاروا بر آمد ہوا ہے ۔