ڈی پی اووہاڑی کا میلسی کا دورہ ،قتل کی جائے وقوعہ کا معائنہ کیا
متاثرہ خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ،ملزمان کو جلد گرفتار کر لینگے ،عبداللہ خان
میلسی(نمائندہ دنیا ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وہاڑی امیر عبداللہ خان نیازی نے میلسی کے نواحی گاؤں امین پور کا وزٹ کیا جہاں انہوں نے واردات کے دوران ہونے والے قتل کی جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اس دوران ان کے ہمراہ ایس ڈی پی او میلسی مہر محمد وسیم سیال بھی موجود تھے ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وہاڑی نے جائے وقوعہ کا جائزہ لیتے ہوئے وقوعہ میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد ٹریس کرنے کے احکامات دئیے اور پولیس افسران کو اس حوالے سے اہم ہدایات بھی دیں اور کہا کہ ہم متاثرہ خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور جلد ہی ملزمان کو ٹریس کر کے انھیں قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی، واضح رہے کہ گذشتہ شب بستی امین پور میں نا معلوم مسلح ڈاکو چھت میں نقب لگا کر محمد بلال کے گھر میں واردات کررہے تھے کہ بلال وغیرہ کی آنکھ کھل گئی اور وہ دیگر اہل خانہ کے ہمراہ چھت پر پہنچے جہاں پر ایک ملزم نے فائر کر کے بلال کو قتل کر دیا جس پر پولیس تھانہ کر مپور مقدمہ درج کر لیا۔ دریں اثناء ڈی پی او وہاڑی امیر عبداﷲ خان نیازی نے ڈی ایس پی آفس میلسی کا دورہ کیا اس مو قع پر صحافیوں سے گفتگو کر تے ہو ئے کہا کہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ دار ہے اور اس سلسلے میں کو ئی کوتاہی بر داشت نہیں کی جائے گی ڈی ایس پی میلسی کو اس بارے ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں ۔