وہاڑی: ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کی ویکسی نیشن کی افتتاحی تقریب
9ماہ سے 15سال تک کے بچو ں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے :اے ڈی سی
وہاڑی(خبر نگار)ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر زہسپتال کے ریسورس سنٹر میں ٹائیفائیڈ بخار سے بچاؤ کی ویکسی نیشن کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کے مہماناں خصو صی ایڈ یشنل ڈپٹی کمشنر جنرل خالد محمود گیلانی، پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر زاہد اقبال چوہدری، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر انجم اقبال، ڈی ایچ او ڈاکٹر خالد جاوید،ایم ایس ڈاکٹر محمد فاضل تھے چائلڈ سپشلسٹ ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر حفیظ احمد نے ٹائیفائیڈ بخار کے حوالے سے خصو صی لیکچر دیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل خالد محمود گیلانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع وہاڑی میں 14سے 26جون تک ٹائیفائیڈ بخار سے بچاؤ کی ویکسی نیشن مہم چلائی جائے گی ،ضلع وہاڑی کی 12شہری یونین کونسلز میں 9ماہ سے 15سال تک کے بچو ں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے ،پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر زاہد اقبال چودھری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو بیماریوں سے بچانے کیلئے حفاظتی ٹیکے لگوانا انتہائی ضروری ہے ، آگاہی مہم کے ذریعے والدین کو ویکسی نیشن کے بارے میں بتانا ہو گا ،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر انجم اقبال نے کہا کہ ٹائیفائیڈ بخار کے جراثیم ہاتھوں اور کھانے پینے کی اشیا کے ذریعے پھیلتے ہیں،بچو ں کو ویکسین لگوا کر ٹائیفائیڈ سے محفوظ بنانا ہو گا۔