عیدالاضحیٰ پر قربانی کی آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کیلئے پیشگی منصوبہ بندی شروع کردی

عیدالاضحیٰ پر قربانی کی آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کیلئے پیشگی منصوبہ بندی شروع کردی

ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے عیدالاضحی کے تینوں ایام میں14 ہزار ٹن آلائشیں ٹھکانے لگانے کا ٹارگٹ مقرر کر لیا،فخرالاسلام ڈوگر

ملتان(خبرنگارخصوصی)عیدالا ضحی کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی آلائشیں ٹھکانے لگانے کے لئے پیشگی منصوبہ بندی شروع کر دی گئی ہے ۔ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے عیدالاضحی کے تینوں ایام میں14 ہزار ٹن آلائشیں ٹھکانے لگانے کا ٹارگٹ مقرر کیا ہے ۔ اس سلسلے میں ایم ڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی فخرالاسلام ڈوگر کی زیر صدارت گرینڈ صفائی پلان تیار کرنے کے لئے اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں کمپنی منیجرز داؤد مکی،ساجد ریاض، عقیل احمد،کبیرخان، فہیم لودھی ،محمد عمران ،ڈپٹی منیجرز انوارالحق،عثمان خورشید اور اسد خورشید نے شرکت کی۔ ایم ڈی فخرالاسلام ڈوگر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحی کسی بھی صفائی کمپنی کے لئے سب سے بڑا ایونٹ ہوتا ہے ۔ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے اس سال گزشتہ برسوں سے بھی بہتر انتظامات کئے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پرآلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے کے لئے آگاہی مہم شروع کی جائے گی اور شہریوں سے اپیل کریں گے کہ وہ آلائشیں سڑک پر پھینکنے کی بجائے ہمارے ورکرز کے حوالے کریں۔کمپنی ورکرز اور مشینری ہر گلی،چوک اور چوراہے پر موجود ہوں گے ۔کمپنی ورکرز آلائشیں شہریوں کی دہلیز سے اکٹھی کریں گے ۔فخرالاسلام ڈوگر نے کہا کہ عید کے ایام میں شہر میں14 کیمپ لگائے جائیں گے ۔جامع مساجد، عید گاہوں اور اہم شاہراہوں کو عرق گلاب اور فینائل سے دھویا جائیگا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں