فنڈز کی عدم دستیابی، میٹرو پولیٹن کارپوریشن مالی بحران کا شکار
مالی صورتحال کو بہتر کرنے کیلئے کارپوریشن کی413دکانوں کی اکیس جون سے نیلامی کرنے کی تیاری مکمل کر لی گئی،آمدن میں کروڑوں کا اضافہ متوقع
ملتان ( سٹاف رپورٹر )فنڈز کی عد م دستیابی ، میٹرو پولیٹن کا رپوریشن مالی بحران کا شکار ، مالی صورتحال کو بہتر کرنے کیلئے کارپوریشن کی413دکانوں کی اکیس جون سے نیلامی کرنے کی تیاری مکمل کر لی گئی ۔ تفصیل کیمطابق میٹرو پولیٹن کارپوریشن نے شہر کی413د کانیں لیز پر دینے کیلئے نئی پالیسی بنا لی ہے جس سے محکمے کی آمدن میں بھی کروڑوں روپے کا اضافہ ہو گا جس سے مختلف علاقوں میں سٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور مرمت کا کام بھی با آسانی مکمل ہو سکے گا اس حوالے سے چیف میٹروپولیٹن کارپوریشن اقبال خان نے دنیا کو بتایا کہ محکمہ کا ریونیو بڑھانا ترجیح ہے جس کیلیے کاوشیں کر رہے ہیں اسی لیے پلازوں کے نقشوں اور نئی عمارتوں کی تعمیر کے سلسلے میں ون ونڈو سسٹم کو بھی مزید موثر کر دیا ہے اقبال خان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں عارضی اور پختہ تجاوزات بھی محکمے کیلئے مسئلہ بن چکی ہیں اور محدود وسائل میں کمشنر جاوید اختر محمود کی قیادت میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزادر کے احکامات پر کارروائیوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے جس کی وجہ قبضہ مافیا کیخلاف مقدمات بھی درج کرائے جارہے ہیں ۔