کورونا ویکسی نیشن مہم کو کامیاب بنانے کیلئے تاجر تنظیموں کا تعاون حاصل کرنیکا فیصلہ

کورونا ویکسی نیشن مہم کو کامیاب بنانے کیلئے تاجر تنظیموں کا تعاون حاصل کرنیکا فیصلہ

بڑے مالز اور سٹورز کی انتظامیہ سے ان کے ملازمین کی ویکسی نیشن کے لئے رابطہ ،غلہ اور سبزی منڈی کے چیئرمین صاحبان کی بھی مدد لی جائے گی،قمرالزمان قیصرانی

ملتان(کورٹ رپورٹر)ضلعی انتظامیہ کورونا ویکسی نیشن کے ٹارگٹ کے حصول کے لئے متحرک ہے اور ویکسی نیشن مہم تیز کرنے کے لئے پلاننگ اور مانیٹرنگ کا سلسلہ جاری ہے ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قمرالزمان قیصرانی کی زیرصدارت ویکسی نیشن مہم کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس منعقد ہوا جس میں مہم کو کامیاب بنانے کے لئے تاجران کی مختلف تنظیموں کا تعاون حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قمرالزمان قیصرانی نے کہا کہ بڑے مالز اور سٹورز کی انتظامیہ سے انکے ملازمین کی ویکسی نیشن کے لئے رابطہ کیا جائے ،غلہ منڈی اور سبزی منڈی کے چیئرمین صاحبان کی بھی مدد حاصل کی جائے ،اس کے علاوہ جن سکولوں اور عمارتوں میں احساس کفالت سنٹرز قائم ہیں وہاں ویکسی نیشن ڈیسک لگائے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسی نیشن ٹیموں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے اور کورونا ویکسین کا تین دن کے لئے بیک اپ سٹاک رکھا جائے ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے ہدایت کی سوشل میڈیا پر کورونا ویکسی نیشن کے خلاف گمراہ کن پراپیگنڈہ کرنیوالوں کی نشاندہی کی جائے ،ان گمراہ کن افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شعیب الرحمن گورمانی نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ روزانہ اوسطا\\\" 13 ہزار افراد کی ویکسی نیشن کی جارہی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں