ملتان ریجن :4221پولیس افسر واہلکارسکیورٹی پر تعینات

ملتان ریجن :4221پولیس افسر واہلکارسکیورٹی پر تعینات

ملتان 1898، وہاڑی 885، خانیوال 760 ، لودھراں میں 678اہلکاروں کی ڈیوٹیمشکوک افراد یا اشیا کے بارے میں 15پر کال یاقریبی تھانے کو اطلاع کرنے کی ہدایت

ملتان(کرائم رپورٹر)پولیس نے ملتان ریجن میں عیدالاضحیٰ کا سکیورٹی پلان جاری کر دیا ،ضلع ملتان،وہاڑی، خانیوال اورلودھراں میں4221 پولیس افسر و اہلکار سکیورٹی امورانجام دیں گے ۔ آر پی او سید خرم علی نے کہا کہ ان حفاظتی اقدامات کا مقصد ملتان ریجن میں لوگوں کی جان و مال کو تحفظ دینااور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنا ہے ،خطے کی بدلتی صورتحال اس بات کی متقاضی ہے کہ ہر شہری اپنے اردگرد نظر رکھے اور اجنبی لوگوں کے بارے محتاط رویہ اختیار کیا جائے ۔مشکوک افراد یا اشیا کے بارے میں پولیس پکار 15 پر یا قریبی تھانہ میں اطلاع کی جائے تاکہ شر پسند عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہ ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع ملتان میں مساجد،امام بارگاہ و دیگر مقامات پر عید الاضحی کے اجتماعات کی حفاظت کے لیے 1898پولیس افسر فرائض سر انجام دیں گے ۔ضلع وہاڑی میں 885، ضلع خانیوال میں 760 اور ضلع لودھراں میں 678پولیس افسران فرائض سر انجام دیں گے ۔ملتان ریجن میں عیدالاضحیٰ کے کل اجتماعات 3350ہوں گے ،ضلع ملتان میں 2067،ضلع وہاڑی میں 534،ضلع خانیوال میں 512اور ضلع لودھراں میں 237اجتماعات ہوں گے ۔ ریجنل پولیس آفیسر نے ملتان ریجن ملتان، وہاڑی، خانیوال اور لودھراں کے باسیوں کو عید مبارک کا پیغام بھی دیا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں