قتل یا ٹریفک حادثہ ؟ مزدور کی سڑک کنارے سے لاش برآمد
میرے والدعبدالغفور کو قتل کیا گیا :بیٹا ،جلد حقائق عوام کے سامنے لائینگے :پولیس
چوک سرور شہید (نمائندہ دنیا)قتل یا ٹریفک حادثہ ؟ملز مزدور کی سڑک کنارے سے لاش برآمد ہوئی ہے ، متو فی کی شناخت عبدالغفور کے نام سے ہو ئی جو کہ چوک سرور شہید کا رہائشی تھا ، میرے والد کو قتل کیا گیا ہے ، متوفی کے بیٹے کا بیان ،مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے ٹی ایچ کیو ہسپتال کوٹ ادو روانہ کردی گئی ،ڈی ایس پی کوٹ ادو اعجاز احمد بخاری کے مطابق قتل یا حادثے کے بارے میں جلد حقائق عوام کے سامنے لائینگے ۔ تفصیل کے مطا بق گزشتہ روز چوک سرور شہید ملتان روڈ نزد عزیز گڈز سڑک کنارے سے 60سالہ ملز مزدور کی لاش برآمد ہو ئی ہے ،لاش کی اطلاع ملتے ہی پو لیس موقع پر پہنچ گئی اور متوفی کی لاش قبضہ میں لیکر فرانزک ٹیم اور کرائم سین یو نٹ مظفرگڑھ کو موقع پر بلوا کر شواہد اکٹھے کئے گئے ، عبدالغفور ولد غلام محمد گزشتہ رات2 بجے گھر سے مقامی ٹیکسٹائل مل میں ڈیوٹی کیلئے روانہ ہوا تھا ،مقتول کے بیٹے محمد کاشف کے مطا بق میرے والد کو نا معلوم افراد نے قتل کیا ہے ،انکی کی لاش کا پوسٹ مارٹم کروانے ٹی ایچ کیو ہسپتال کوٹ ادو میں موجود ہیں، انکے قتل کی ایف آئی آر تھا نہ سرور شہید میں درج کرائینگے میرے والد کی سائیکل ملک پٹرولیم سروس پر کھڑی تھی جبکہ انہیں نا معلوم موٹر سائیکل سوار ساتھ لیکر آئے تھے تاہم ابھی تک یہ بات واضح نہیں ہے کہ قتل کیا گیا ہے یا اس کی موت حادثے میں ہو ئی ہے ۔