بہاولپور:ڈی پی اوفیصل کامختلف ناکوں کاسرپرائزوزٹ
متعدد تھانوں کا دورہ ، چائنیز کی سکیورٹی سے متعلق سرچ آپریشن کی نگرانی
بہاولپور(نامہ نگار ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد فیصل کامران نے رات گئے عیدالاضحی کی مناسبت سے اہم پوائنٹس اور مویشی منڈیوں کے نزدیک لگائے جانے والے ناکوں کا سرپرائز وزٹ کیااور متعدد تھانوں کا بھی دورہ کیا، فارنر اور چائنیز کی سکیورٹی کے حوالے سے سرچ آپریشن کی نگرانی کی۔ڈی پی اونے کہاکہ عیدالاضحی کے موقع پر عوام کے جان و مال کی حفاظت اور جرائم کی روک تھام کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب انعام غنی اور ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ر ظفر اقبال اعوان کی عیدالاضحی کے موقع پر سکیورٹی اور جرائم کی بیخ کنی کے حوالے سے دی گئی ہدایات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد فیصل کامران کی قیادت میں بہاول پور پولیس نے رات گئے شہر کے مختلف مقامات پر ناکہ بندی کرتے ہوئے سنیپ چیکنگ کی، جس میں درجنوں گاڑیوں، موٹرسائیکلوں اور مال برادر گاڑیوں کو چیک کیا ۔ مشکوک افراد کی سرچ کی گئی، شہر کے تمام داخلی اور خارجی راستوں، مویشی منڈیوں اور اہم مقامات پر پولیس نے اپنی پٹرولنگ کو جاری رکھا ، عوام کی حفاظت اور کرائم کنٹرول کو یقینی بنایا،اس دوران ڈی پی او محمد فیصل کامران نے رات گئے ان پوائنٹس کا سرپرائز وزٹ کیا، انتظامات اور پراپر چیکنگ کے عمل کا جائزہ لیا۔ ناکوں پر موجود افسروں اور اہلکاروں سے بات چیت کی، ملکی صورتحال کے پیش نظر سخت حفاظتی انتظامات اور سرچنگ کے حوالے سے احکامات جاری کیے ۔ فارنر اور چائنیز کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے کی خاطر کیے جانے والے سرچ آپریشنز کی نگرانی بھی کی۔