شراب فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن، ون ویلنگ روکنے کاحکم
عیدالضحیٰ پر مارکیٹوں، بازاروں اور شاپنگ مالز کی سکیورٹی کے سخت انتظامات کرنے کی ہدایت ،پولیس ایکشن میں آگئی ،کئی شرپسند عناصرکیخلاف کارروائیہسپتالوں کا عملہ الرٹ ، نشتر ہسپتال کے سینئر ڈاکٹرز آن کال رہیں گے ، ایمرجنسی میں استعمال ہونیوالی ادویات کا وافر سٹاک منگوا لیا گیا ،عملے کو ڈیوٹیاں تفویض
ملتان(کرائم رپورٹر،نیوز رپورٹر)عیدالضحیٰ کے موقع پر ملتان میں پولیس کو سخت سکیورٹی انتظامات کرنے کیساتھ ساتھ شراب فروشوں کیخلاف سخت کریک ڈاؤن اور ون ویلنگ روکنے کا حکم جاری کردیاگیاہے ،اس حوالے سے ایس پی کینٹ ڈویژن لیفٹیننٹ ریٹائرڈ کامران عامر خان نے ایس ڈی پی او کینٹ آفس میں سرکل کینٹ کے پولیس افسروں کے ساتھ میٹنگ کی، ڈی ایس پی کینٹ سرکل جام سلیم اختر اور کینٹ سرکل کے جملہ ایس ایچ اوز میٹنگ میں شریک ہوئے ۔انہوں نے تمام افسروں کو ہدایت کی کہ تمام اہم مارکیٹوں، بازاروں اور شاپنگ مالز کی سکیورٹی کو یقینی بنائیں۔عید الاضحی کے موقع پر فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں۔عید الاضحی کے موقع پر ون ویلنگ سمیت دیگر جرائم کو روکنے کے لیے ہر ممکن کارروائی کریں۔ایس پی کینٹ نے ہدایت کی کہ شراب فروشی کی روک تھام کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں اور شراب فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کریں۔جس کے بعد ایس پی کینٹ ڈویژن نے تھانہ کینٹ میں تمام پولیس افسران کو عیدالاضحی کی ڈیوٹی کے حوالے سے بریف کیا اور تھانہ میں حاضر رہنے کی ہدایت کی۔ پولیس نے کئی سماج دشمن عناصر کو گرفتار کرکے خلاف مقدمات درج کرلئے ہیں۔ بدھلہ سنت پولیس نے ملزمہ نسرین عرف کرن سے 1260گرام چرس، ملزم امجد سے 1280گرام چرس،حرم گیٹ پولیس نے ملزم علی نواز سے ولایتی شراب کی بوتل ،قطب پورپولیس نے ملزم دانش سے 30 لٹر، ملزم رفیق سے 30لٹر،ملزم شہباز سے 30لٹر اور ملزم صدیق سے 8لیٹر شراب بھی برآمد کرلی۔ دوسری طرف آج سے عید الضحیٰ کے موقع پر نشتر سمیت دیگر ہسپتالوں کا عملہ الرٹ رہے گا ، اس سلسلے میں کسی بھی نا گہانی آفت سے بروقت نمٹنے کے لیئے نشتر ہسپتال کے تمام شعبہ جات کے سربراہان و سینئر ڈاکٹرز آن کال رہیں گے ، ایمرجنسی میں استعمال ہونے والی ادویات کا وافر سٹاک منگوا لیا گیا ہے ، جبکہ اضافی ڈاکٹرز ، نرسز ، پیرا میڈیکس سمیت دیگر عملے کی ڈیوٹیاں بھی لگا دی گئی ہیں ، ایمرجنسی یونٹ میں 45 اضافی بیڈز بھی لگائے گئے ہیں ۔