برسات میں شہریوں کو محتاط رہنا چاہئے :ایس ای میپکو
طوفان یا بارش میں کنکشن خراب ہوجائے تو کمپلینٹ سنٹر میں اطلاع کریں
وہاڑی(خبر نگار) ایس ای میپکو انجینئر الطاف قادر نے کہا ہے کہ برسات کے موسم میں شہریوں کو محتاط رہنا چاہئے ،اپنے گھروں کے اوپر سے گزرنے والے اور گھر سے متعلقہ بوسیدہ بجلی کے تار تبدیل کرائیں تاکہ کسی بھی حادثہ سے بچا جاسکے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ آندھی ،طوفان یا شدید بارش کی صورت میں اگر کسی کا کنکشن خراب ہوجائے تو اس کی اطلاع فوری طور پر کمپلینٹ سنٹر میں کریں، کسی بھی پرائیویٹ شخص کا میپکو ڈسٹری بیوشن سسٹم کی کسی بھی لائن پر کام کرنا انتہائی خطرناک اور غیر قانونی فعل ہے ، اس صورت میں کسی قسم کا ناخوشگوار واقعہ پیش آنے کی صورت میں میپکو ذمہ دار نہ ہوگا اور ایسے فعل میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔