سوشل میڈیاکااستعمال،والدین بچوں پرنظررکھیں:آرپی او
محرم الحرام کے حوالے سے انتظامات بروقت مکمل کئے جائیں:اجلاس سے خطاب
وہاڑی(خبر نگار)ریجنل پولیس آفیسر سید خرم علی نے کہا ہے کہ والدین سوشل میڈیا کے استعمال کے حوالے سے بچوں پر نظر رکھیں اور سوشل میڈیا کے غلط استعمال کو روکیں۔ یہ بات انہوں نے پولیس لائن وہاڑی میں محرم الحرام کے سلسلہ میں منعقدہ ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اجلاس میں ڈی پی او امیر عبداﷲ نیازی،صدرڈسٹرکٹ بارایسوسی ایشن ندیم اکرم پرویز،صدر میلسی بار زاہد کھچی صدر انجمن تاجران وہاڑی ارشاد بھٹی،انجمن تاجران میلسی،صدر انجمن تاجران بوریوالا، علامہ غلام قنبر عسکری ودیگرشریک تھے ،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ریجنل پولیس آفیسر سید خرم علی نے کہا کہ امن سماجی،معاشرتی اور معاشی ترقی کا ضامن ہے موجودہ عالمی حالات کے تناظر میں خطہ کی بدلتی ہوئی صورتحال اس بات کی متقاضی ہے کہ رواداری،اتحاد،یگانگت بھائی چارہ کو فروغ دیا جائے ،انہوں نے کہا کہ اسلام کے لغوی معنی ہی سلامتی اور امن کے ہیں، محرم الحرام کے حوالے سے انتظامات بروقت مکمل کئے جائیں، جلوسوں کے راستوں کی صفائی اور مرمت بروقت کرائی جائے ،رات کے جلوسوں کے راستوں میں روشنی کا مناسب انتظام کیا جائے ۔