مون سون شجرکاری ،50ہزار سے زیادہ درخت لگانے کا فیصلہ
افتتاح ہوگیا ،پی ایچ اے ملتان مقامی اور بڑے تیار درختوں کی شجر کاری کرے گا
ملتان(خبرنگارخصوصی)پی ایچ اے ملتان نے مون سون شجر کاری کے تحت 50ہزار سے زائد درخت لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے ، مقامی اور بڑے تیار درختوں کی شجر کاری کی جائے گی۔ سیکرٹری ہاؤسنگ جنوبی پنجاب لیاقت علی چٹھہ نے نجی ہاؤسنگ سو سائٹی میں مون سون شجر کاری کے تحت پودا لگایا، اس موقع پر ڈی جی پی ایچ اے سید شفقت رضا، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل ذولفقار سندھو، ضلعی صدر پی ٹی آئی خالد جاوید وڑایچ، ڈپٹی سیکرٹری زاہد اقبال اور ڈائریکٹر ہارٹی کلچر چوہدری غلام نبی بھی موجود تھے ۔ سیکرٹری ہاؤسنگ لیاقت علی چٹھہ کا کہنا تھا کہ ملتان شہر سمیت جنوبی پنجاب میں شجر کاری مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے ۔ ملتان کے پارکوں میں بنیادی سہولیات کے ساتھ ساتھ شجر کاری کو بھی فروغ دینے کی ضرورت ہے ،تمام طبقہ ہائے فکر کو شجر کاری میں بڑ ھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے ۔ اس موقع پر ڈی جی پی ایچ اے سید شفقت رضا نے کہا کہ بڑے درختوں کی شجر کاری کا مقصد ان کی نشونما کو یقینی بنانا ہے ۔ پلکن،ٹرمینلیا،املتاس اور سکھ چین سمیت دیگر مقامی درختوں کی شجر کاری کریں گے ۔ وزیراعظم پاکستان اور وزیر اعلی پنجاب کلین اینڈ گرین مہم کو عملی جامہ پہنانے میں اہم کردار ادا کریں گے ۔