جعلی نکاح نامہ کیس ،اینٹی کرپشن حکام سے جواب طلب
صغراں بی بی نے شوہر کی دوسری بیوی ہونے کی دعویدار کیخلاف مقدمے کی درخواست دی
ملتان(کورٹ رپورٹر)ایڈیشنل سیشن جج ملتان نے متوفی شخص کی دوسری بیوی ہونے کی مبینہ دعویٰ دار کے خلاف کیس میں نکاح خواں اور سیکرٹری یونین کونسل کے خلاف مقدمہ درج کرنے سے متعلق درخواست پر اینٹی کرپشن حکام سے 9 اگست کو جواب طلب کرلیا ہے ۔ قبل ازیں فاضل عدالت میں خاتون صغراں بی بی نے اندراج مقدمہ کی درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ مرحوم شوہر میپکو میں ایس ڈی او تعینات تھا جو شریف اور معزز آدمی تھا، شوہر کی وفات کے بعد شاہدہ پروین نامی خاتون نے جعلی نکاح نامہ تیار کرایا، نکاح نامہ تیار کرنے والے نکاح خواہ، سیکرٹری یونین کونسل کے خلاف اینٹی کرپشن مقدمہ درج نہیں کررہی، استدعا ہے کہ شوہر کی جعلی بیوی اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے ۔