ملتان ٹمبر مارکیٹ کچر ے کا ڈھیر ،سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار

ملتان ٹمبر مارکیٹ کچر ے کا ڈھیر ،سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار

یونین نے ذاتی مفادات کو ترجیح دے کر ٹمبر مارکیٹ کو تباہی کے دہانے پہ لا کھڑا کیا پولیس ڈکیتیوں کی بھرمار کے باوجود اس ایشو کو سنجیدہ نہیں لے رہی :مہرشاکرحسین

ملتان (نیوز رپورٹر)ضلعی انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث ملک کی بڑی ٹمبر مارکیٹوں میں شمار ہونیوالی ملتان ٹمبر مارکیٹ کچرے کے ڈھیر بن گئی اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں کے باعث علاقہ کھنڈر نظر آنے لگا ۔ٹمبر مارکیٹ کے سابق صدر مہر شاکر حسین کے مطابق انہوں نے ٹمبر مارکیٹ کی تاجر برادری اور بیوپاریوں کی سہولت کیلئے ڈسپنسری کے قیام سمیت واٹر فلٹریشن پلانٹ اور تمام رابطہ روڈز کی کارپیٹنگ کروائی تھی لیکن 2013 کے بعد منتخب ہونیوالی یونین نے ٹمبر مارکیٹ کی بہتری کی بجائے ذاتی مفادات کو ترجیح دے کر ٹمبر مارکیٹ کو تباہی کے دہانے پہ لا کھڑا کیا ہے ۔یونین کے الیکشن نہ ہونے کے باعث ٹمبر مارکیٹ لاوارث ہوچکی ہے لیکن اس صورتحال میں ہم جنوبی پنجاب کی اس بڑی مارکیٹ کی بحالی کیلئے انتظامیہ کے رابطوں میں ہیں۔ ٹمبر مارکیٹ میں مسجد کی تعمیر اور نئی سیوریج لائن کیلئے ڈی جی ایم ڈی اے آغا محمد علی اور ایم ڈی واسا ناصر اقبال سے طویل ملاقات ہوئی ہے اور انہوں نے خود ٹمبر مارکیٹ کا وزٹ کیا ہے اور جلد نئی سیوریج لائن بچھانے کی یقین دہانی کروائی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ حکام کی غفلت و غیر ذمہ داران طرز عمل کے باعث ٹمبر مارکیٹ میں ہر طرف گندگی کے ڈھیر لگے ہیں جس نے پورے علاقہ کو تعفن زدہ بنا کر رکھ دیا ۔دوسری طرف ٹمبر مارکیٹ میں ڈکیتیوں کی بھرمار کے باوجود تھانہ قطب پور کی پولیس اس اہم ایشو کو سنجیدہ نہیں لے رہی۔انہوں نے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹمبر مارکیٹ میں صفائی ،سڑکوں کی تعمیر اور امن و امان کی صورت کو بحال رکھنے کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں