مصنوعی مہنگائی روکنے کیلئے ڈپٹی کمشنرز کو سخت احکامات جاری

مصنوعی مہنگائی روکنے کیلئے ڈپٹی کمشنرز کو سخت احکامات جاری

اسسٹنٹ کمشنرز،پرائس مجسٹریٹس اور مارکیٹ کمیٹی کے افسران کو ہدایات جاری

ملتان(کورٹ رپورٹر)حکومت پنجاب نے مصنوعی مہنگائی روکنے کے لئے صوبہ کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو سخت احکامات جاری کردئیے ہیں۔حکومت کے احکامات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ ملتان نے بھی گرانفروشی روکنے کے لئے لائحہ عمل تیار کر لیا ہے اور ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے اسسٹنٹ کمشنرز،پرائس مجسٹریٹس اور مارکیٹ کمیٹی کے افسران کو نئی ہدایات جاری کر دیں ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ منڈیوں میں آڑھتیوں اور کمیشن ایجنٹس کو پامرہ ایکٹ کے مطابق کمیشن دیا جائے گا،کمیشن ایجنٹس کو پھلوں پر2.5 فیصد اور سبزیوں پر3.12 فیصد سے زائد منافع نہیں لینے دیا جائے گا۔علی شہزاد نے کہا ہے کہ مارکیٹ کمیٹی کا سٹاف اور افسران روزانہ سبزی و فروٹ منڈی میں نیلامی کو مانیٹر کریں گے جبکہ مارکیٹ کمیٹی کے افسران اور سٹاف کی منڈی میں موجودگی کو تھرڈ پارٹی کے ذریعے مانیٹر کیاجائے گا اور اسسٹنٹ کمشنرز بھی منڈیوں میں مارکیٹ کمیٹی کی کارکردگی کو چیک کریں گے اور روزانہ اس بارے رپورٹ دیں گے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے تعین کے لئے پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس ہر ماہ دو بار منعقد کیا جائے گا۔انہوں نے کہا ہے کہ ہر پرائس مجسٹریٹ کی انفرادی پراگرس کو روزانہ جانچا جائے گا اور تسلی بخش کارکردگی نہ دکھانے پر پرائس مجسٹریٹس کو ضلع سے ٹرانسفر کر دیا جائے گا،علی شہزاد نے کہا کہ چیف سیکرٹری پنجاب پرائس چیکنگ کے حوالے سے ہر ہفتے اضلاع کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے ۔پرائس چیکنگ میں ناقص کارکردگی دکھانے والے افسران کو معطلی کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں