جنوبی پنجاب کو پولیو فری بنانے کیلئے 5روزہ مہم کا آغاز

جنوبی پنجاب کو پولیو فری بنانے کیلئے 5روزہ مہم کا آغاز

41لاکھ 95ہزار 790بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائینگے ،ٹیمیں مقرر

ملتان(نیوز رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان خان بزدار کی خصوصی ہدایات پر جنوبی پنجاب کو پولیو سے پاک بنانا محکمہ صحت جنوبی پنجاب کی اولین ترجیح ہے ۔ جنوبی پنجاب کو پولیو فری یقینی بنا نے کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جارہے ہیں۔ صوبہ پنجاب کے 11اضلاع میں گزشتہ روز سے شروع ہونے والی پانچ روزہ خصوصی انسدادِ پولیو مہم میں جنوبی پنجاب کے 6اضلاع ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان، راجن پور، ڈیرہ غازیخان اور مظفرگڑھ بھی مہم میں شامل ہیں۔ترجمان محکمہ صحت جنوبی پنجاب کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق جنوبی پنجاب کے ان 6اضلاع میں کل 14424موبائل اور فکسڈ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جو ان اضلاع میں پانچ سال تک کی عمر کے کل 41لاکھ 95ہزار790بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین کے قطر ے پلائیں گی۔ جنوبی پنجاب میں رہنے والے بچوں کے والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ تمام والدین پولیوکے خاتمے کی دوڑ میں اپنی قومی اور انفرادی ذمہ داری نبھائیں اور اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں۔ اور اس بات کا خصوصی خیال رکھا جائے کہ جنوبی پنجاب کی ٹارگٹ آبادی میں سے کوئی بھی بچہ پولیو سے بچاؤ کی حفاظتی ویکسین کے قطر ے پینے سے رہ نہ جائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں