زکریا یونیورسٹی میں مینگو کرنل آئل پراسیسنگ یونٹ کا افتتاح
ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی نے افتتاح کیا ، ڈاکٹر سعید اختر نے وی سی کو بریفنگ دی
ملتان ( خصوصی رپورٹر ) زکریا یونیورسٹی ملتان میں پاکستان کے پہلے مینگو کرنل آئل پراسیسنگ یونٹ کا افتتاح کر دیا گیا ہے ۔ آم کی گھٹلیوں سے تیار کردہ پاکستان کے پہلے مینگو کرنل آئل پراسیسنگ یونٹ کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی نے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر فوڈ سائنس ڈاکٹر سعید اختر ، ڈاکٹر محمد ریاض ، رجسٹرار صہیب راشد خان،ڈاکٹر فاروق احمد، ڈین ڈاکٹر حکومت علی۔ ڈاکٹر مقصود احمد، ڈاکٹر شوکت ملک، خزانہ دار صفدر لنگاہ،ڈاکٹر خرم افضل، ڈاکٹر طارق اسماعیل سمیت دیگر فکلیٹی ممبران موجود تھے ۔ افتتاح کے موقع پر ڈائریکٹر شعبہ فوڈ سائنس ڈاکٹر سعید اختر نے وائس چانسلر کو بریفنگ دیتے ہوے کہا کہ ایچ ای سی کے تعاون سے پہلاپراسسینگ یونٹ یونیورسٹی میں نصب کیا گیا جہاں آم کی گھٹلیوں کی مدد سے اساتذہ کرام اور طلبا و طالبات نے مینگو کرنل آئل تیار کیا ہے جو کاسمیٹکس میں استعمال کے ساتھ ساتھ سردیوں میں خشک جلد کے لئے بھی انتہائی موثر ہے ۔اس موقع پر ماہرین نے وائس چانسلر کو آئل کی تیاری کے حوالے سے عملی مظاہرہ بھی کر کے دکھایا ۔ وائس چانسلر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی نے اس موقع پر کہا کہ زکریا یونیورسٹی کے لئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ پہلا مینگو کرنل پراسسینگ یونٹ یونیورسٹی میں لگایا گیا ہے ۔