کسانوں کو ٹیوب ویل بلوں میں رعایت، قسطوں میں دینگے

کسانوں کو ٹیوب ویل بلوں میں رعایت، قسطوں میں دینگے

کسانوں کے ذمہ میپکو کے کل 1ارب26 کروڑ روپے کے بقایاجات واجب الادا ،کسان تین قسطوں میں میپکو کو واجبات ادا کریں گے ،ڈپٹی کمشنر علی شہزاد

ملتان(کورٹ رپورٹر)میپکو کے ٹیوب ویلوں کے بلوں کے بقایاجات ادا کرنے والے کسانوں کی سنی گئی۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کی مداخلت پر کسانوں کو ٹیوب ویلوں کے بقایاجات کے بجلی کے بلوں میں رعایت مل گئی ہے ۔کسان اب1 ارب 26 کروڑ روپے کے واجبات قسطوں میں ادا کریں گے ۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد سے کسان اتحاد کے وفد نے ملاقات کی۔سی پی او منیر مسعود مارتھ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قمرالزمان قیصرانی اورجی ایم کمرشل میپکو چوہدری خالد بھی ملاقات میں موجود تھے ۔چئیرمین کسان اتحاد پاکستان چوہدری محمدانور کسانوں کے وفد کی قیادت کررہے تھے ۔جی ایم کمرشل میپکو چوہدری خالد نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی مداخلت پر کسان اتحاد سے تعلق رکھنے والے کاشتکاروں کے ٹیوب ویل کے بقایا جات کی تین قسطیں کی گئی تھیں،ڈیفالٹرز کسان بقایاجات کی ایک قسط کی ادائیگی کے بعد بقیہ رقم کی ادائیگی میں تاخیر کررہے ہیں اور بجلی کے بلوں کی دوبارہ قسطوں کے ادائیگی کے لئے دباو ڈال رہے ہیں۔چئرمین کسان اتحاد پاکستان چوہدری محمد انور نے اس موقع پر بتایا کہ بجلی کا ٹیرف بڑھنے سے بجلی کے بلوں میں اضافہ ہو گیا ہے ،کسانوں کے لئے سردست بقایاجات کے بلوں کی ادائیگی ممکن نہیں، چوہدری انور نے کہا کہ بقایا کی ادائیگی موخر کی جائے اور منقطع کئے گئے ٹیوب ویلوں کی کنکشن بحال کئے جائیں۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کسانوں کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ کسانوں کے ذمہ ٹیوب ویلوں کے بلوں کی مد میں میپکو کے کل 1ارب26 کروڑ روپے کے بقایاجات واجب الادا ہیں،کسان تین قسطوں میں میپکو کو واجبات ادا کریں گے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بقایا جات اکتوبر، نومبر اور دسمبر کے بجلی کے بلوں کے ساتھ ادا کئے جائیں گے ۔ علی شہزاد نے کہا کہ میپکو کسانوں کے منقطع کئے گئے کنکشن فوری طور پر بحال کرے اور جن کسانوں کے ٹیوب ویلوں کے بجلی کے میٹر خراب ہیں انہیں فوری طور پر تبدیل کیا جائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں