ریلوے انجنوں کی مرمت پر 4ارب 73کروڑ،88لاکھ کا خسارہ
ریلوے نے 2019-20کی آڈٹ رپورٹ جاری کردی ،بے ضابطگیوں کا انکشاف
ملتان(خبرنگار خصوصی)ریلوے نے 2019 اور 2020کی آڈٹ رپورٹ جاری کردی ، رپورٹ کے مطابق ریلوے انجنوں کی مرمت پر تقریباً 4ارب 73 کروڑ 88 لاکھ کا نقصان ہوا ہے ۔ اس میں انجنوں کی مرمت کرنے کے لئے تقریباً 77کروڑ 50لاکھ کا خراب سامان خریدا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ ریلوے کی تقریباً 4ارب47کروڑ کی مالیت کی اراضی پر قبضہ ہوا۔ اس سے بڑی اور حیران کن بات یہ ہے کہ ریلوے کے اکاؤنٹس کے شعبے میں تقریباً 20ارب سے زائد کی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے ۔ ریلوے پریم یونین کے رہنماء واثق خان اور دیگر رہنمائوں نے کہا ہے کہ ریلوے میں اربوں روپے کی کرپشن ہو رہی ہے ۔ انہوں نے وفاقی وزیر ریلوے سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر ان بے ضابطگیوں کا نوٹس لیتے ہوئے ان افسران کے خلاف قانونی کارروائی کریں تاکہ آئندہ کوئی بدعنوانی کرنے کی کوشش نہ کرے ۔اس کے ساتھ ساتھ سکیل نمبر 16سے لیکرسکیل نمبر 22 کے افسران کے اثاثوں کی بھی چھان بین کی جائے ۔