پارک ویرانے بننے لگے ،پی ایچ اے خواب غفلت سے نہ جاسکا

پارک ویرانے بننے لگے ،پی ایچ اے خواب غفلت سے نہ جاسکا

شاہ شمس پارک ، جناح پارک ، قلعہ کہنہ قاسم پارک اور ریلوے سٹیشن اجاڑ بن گئے مدنی چوک پر خصوصی بچوں کے پارک میں جانوروں کے قیمتی ماڈلز ٹوٹ پھوٹ کا شکار فنڈ ز کی عدم دستیابی کا مسئلہ ،چیمبر آف کامرس سے بھی رجو ع کرلیا :پی ایچ اے حکام

ملتان (سٹاف رپورٹر )پی ایچ اے کی عدم دلچسپی کے باعث شاہ شمس پارک اجڑ کر ویرانے کا منظر پیش کرنے لگا جبکہ قلعہ کہنہ قاسم پارک کے جھولے بھی کباڑ خانے میں تبدیل اور ریلوے سٹیشن پارک کی بجلی کا کنکشن ہی تین ماہ گزرنے کے باوجود بحال نہ ہو سکا ، رہی سہی کسر پارکوں میں آوارہ کتوں کی بھرمار نے پوری کر دی ،جس کی وجہ سے شہریوں کی اکثریت مثبت تفریح سے محروم ہوگئے ا ور حکومت سے نوٹس لے کر پارکوں کی صورتحال بہتر کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ تفصیلات کیمطابق ملتان میں پی ایچ اے کی کارکردگی صرف فوٹو سیشن تک ہی محدود رہ گئی ہے لیکن عملی اقدامات نہ ہونے سے شاہ شمس پارک ، جناح پارک ، قلعہ کہنہ قاسم پارک اور ریلوے سٹیشن کا پارک اجڑ چکے ہیں جبکہ یہی صورتحال مدنی چوک پر خصوصی بچوں کے پارک کی ہے جس میں لاکھوں روپے مالیت کے لگائے مختلف جانوروں کے قیمتی ماڈلز بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوچکے ہیں جن میں ہاتھی ، ہرن ، زیبرا ، طوطا ، کبوتر اور زرافہ کا ماڈل بھی شامل ہے جس کے حوالے سے پی ایچ اے حکام کا موقف ہے کہ پارکوں کی تزئین وآرائش اور جھولوں کی بحالی ترجیح ہے لیکن فندز کی عدم دستیابی کے باعث مسائل آرہے ہیں جن کو حل کرنے کیلیے چیمبر آف کامرس سے بھی رجوع کر لیا ہے اور جلد ہی پارکوں کی صورتحال بہتر کر کے شہریوں کو تریح کے مواقع دوبارہ فراہم کر دیں گے دوسری جانب شہریوں نے پارکوں کی صورتحال پر حکومت سے نوٹس لینے کا بھی مطالبہ کیا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں