کورونا: 2 خواتین سمیت 5 افراد سفر آخرت پر روانہ

کورونا: 2 خواتین سمیت 5 افراد سفر آخرت پر روانہ

نشتر ہسپتال میں 50سالہ نذیر بی بی ،40سالہ خدیجہ اور 67سالہ جاوید اقبال چل بسے ،اموات کی تعداد 903ہوگئی ،صرف 7وینٹی لیٹر خالی جام پور کے حاجی فضل ،ٹیچنگ ہسپتال ڈی جی خان میں محبوب الٰہی کا انتقال ،ڈی جی خان میں ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر2ہوٹل اور2تھیٹر سیل

ملتان،ڈیرہ غازی خان ،رحیم یارخان(نیوز رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹر ،نمائندہ خصوصی)جنوبی پنجا ب میں کورونا وائرس سے 2خواتین سمیت 5افراد جان کی بازی ہارگئے جبکہ ڈیرہ غاز ی خان میں کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر 2ہوٹل اور 2تھیٹر سیل کردئیے گئے ۔فوکل پرسن نشتر ہسپتال ڈاکٹر عرفان ارشد نے بتایا کہ نشتر ہسپتال کے آئی سو لیشن وارڈز میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا میں مبتلا ملتان کی رہائشی 50 سالہ نذیر بی بی،40 سالہ خدیجہ بی بی، اور 67 سالہ جاوید اقبال نے دم توڑ دیا، جس سے کورونا کے باعث ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 903 ہو گئی ہے ۔انہوں نے بتایاکہ ہسپتال میں کورونا مریضوں کے لئے مختص 90 وینٹی لیٹرز میں سے صرف 7 وینٹی لیٹر خالی ہیں۔ٹیچنگ ہسپتال ڈی جی خان کے فوکل پرسن ڈاکٹر خالد تحسین نے بتایا کہ ٹیچنگ ہسپتال میں گزشتہ روز کورونا کے 350 ٹیسٹ کئے گئے جس میں سے 46 مثبت اور 304نیگیٹو رپورٹ ہو ئے ۔ٹیچنگ ہسپتال کے کورونا وارڈ میں داخل 32 مریضوں میں سے ایک مریض محبوب الٰہی جان کی بازی ہار گیا، جبکہ ہسپتال میں داخل4 مریضوں کی حالت انتہائی خطرناک ہے ۔ڈیرہ غازی خان میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر دو ہوٹل اور دو تھیٹر سربمہر کر دیئے گئے ، اسسٹنٹ کمشنر صدر مہدی ملوف کی زیر نگرانی گزشتہ شب نیو ناز تھیٹر فریدی بازار ، کہکشاں تھیٹر جام پور روڈ ، ایوبی ہوٹل اور نذیر ہوٹل کو سربمہر کردیاگیا۔ جام پور کے حاجی فضل حسین زرگر پٹھان کئی روز تک کورونا وائرس کی بیماری میں مبتلا رہنے کے بعد زندگی کی بازی ہار گئے ۔ محکمہ ہیلتھ کی طرف سے دیئے گئے اعداد و شمار کے مطابق رحیم یارخان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 33 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جنہیں ایس او پیز کے تحت گھروں میں آئیسولیٹ کر دیاگیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں