کمشنر ملتان کا سروس ڈیلیوری کا جائزہ لینے کیلئے خانیوال کا دورہ
ڈسٹرکٹ ہسپتال ،اراضی سنٹر،پوسٹ گریجوایٹ کالج،سکول اور ہیلتھ سنٹرکا معائنہگرانفروشی کے خاتمے اور شفافیت کیلئے ای چالان متعارف کرایا جارہا ،ڈاکٹر ارشاد احمد
ملتان (وقائع نگار خصوصی)حکومت پنجاب کی ہدایت پر کمشنر ملتان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد ڈویژن کے سرکاری اداروں میں سرخ فیتہ کلچر کے خاتمہ کیلئے متحرک ہوگئے ۔ خانیوال کے اداروں میں سروس ڈیلیوری کا جائزہ لینے کے لئے انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال،اراضی ریکارڈ سنٹر،گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج،گورنمنٹ ماڈل سکول،رورل ہیلتھ سنٹر کا اچانک معائنہ کیا،انہوں نے زیر تعمیر سڑکوں کے کام کا بھی معائنہ لیا اور ہائی ویز حکام کو کام جلد از جلد مکمل کرنے کے احکامات دئیے ،اس موقع پر ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی بھی ان کے ہمراہ تھے ،کمشنر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن پر حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے سکولوں اور کالجز میں 15 سے 18 سال تک کی عمر کے جتنے بچے ہیں ان کی ویکسی نیشن جل مکمل کی جائے ،ڈی ایچ کیو ہسپتال وزٹ کے دوران انہوں نے ہسپتال میں مزید بہتری کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ ملتان واپسی پر تمام احکامات پر عملدرآمد از خود چیک کروں گا۔ بعد ازاں انہوں نے اراضی ریکارڈ سنٹر کا بھی سرپرائز وزٹ کیا اور کہا کہ رشوت وصولی کی شکایت پر ذمہ دار کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔بعدازاں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے اجلاس میں کہا کہ گرانفروشی کے خاتمے ،شفافیت برقرار رکھنے کیلئے ای چالان متعارف کروایا جارہا ہے پورے ڈویژن میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی ٹریننگ کروائی جارہی ہے ،ڈویژن میں اب وہی رہے گا جو کام کرے گا،بعد ازاں کمشنر کا کہنا تھا کہ افسران مال ریکوریوں کی رفتار بڑھائیں بڑے نادہندگان کیخلاف کریک ڈائون کیا جائے ۔