کوٹ ادو:کورونا ویکسی نیشن سنٹر پر سہولیات کا فقدان
عوام کاہجوم ،ایس اوپیزنظرانداز، لمبی قطاریں،بیٹھنے کی جگہ نہ سایہ،خواتین پریشان
کوٹ ادو(تحصیل رپورٹر،نامہ نگار)تحصیل ہیڈ کوارٹر زہسپتال میں قائم کرونا ویکسی نیشن سنٹر پر سہولیات کا فقدان،ویکسی نیشن سنٹر کے باہر عوام کا ہجوم، ایس او پیز نظر انداز ،مردو خواتین کی لمبی قطاریں،بیٹھنے کی جگہ نہ سایہ،ویکسین لگوانے والے کھلے آسمان تلے گرمی میں گھنٹوں انتظار کی اذیت برداشت کرنے پر مجبور،خواتین شدید کرب میں مبتلا۔تفصیل کے مطابق حکومت کی طرف سے ویکسین آگاہی مہم اور نان ویکسی نیٹڈ افراد پر مختلف پابندیوں کے باعث عوام کی کثیر تعداد روزانہ ویکسی نیشن سنٹروں کا رخ کر رہی ہے ، تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں قائم کورونا ویکسی نیشن سنٹر پر سہولیات کا فقدان ہے ، سنٹر کے مین گیٹ کے باہر ویکسین لگوانے کا انتظار کرنے والے مردو خواتین کے بیٹھنے کا کوئی انتظام ہے نہ پینے کا پانی دستیاب ہے ، سنٹر کے باہر صبح سے شام تک لوگوں کا ہجوم لگا رہتا ہے ۔عوامی و سماجی حلقوں نے محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹی ایچ کیوہسپتال میں واقع ویکسی نیشن سنٹر پر عوام کے لیے مناسب سہولیات کا انتظام کیا جائے ۔