کاشتکاروں کیلئے کیش سبسڈی ایپ ایک ماہ سے بلاک

کاشتکاروں کیلئے کیش سبسڈی ایپ ایک ماہ سے بلاک

30ستمبرآخری تاریخ ، لاکھوں کسانوں کے سبسڈی سے محروم ہونے کاخدشہ

کوٹ ادو(تحصیل رپورٹر،نامہ نگار)ضلع مظفر گڑھ کے کسانوں کے ساتھ ناروا سلوک،وزیر اعظم کے ویژن اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان خان بزدار کی ہدایت پر کاشتکاروں کوڈائریکٹ کیش سبسڈی پہنچانے کیلئے محکمہ زراعت پنجاب کی جانب سے جاری کئے جانے والے ضلع بھر کے کاشت کاروں کی تصدیق کرنے والی سبسڈی ایپ ایک ماہ سے بلاک، 30ستمبر آخری تاریخ ہونے پرضلع بھر کے لاکھوں کسان حکومت کی سبسڈی سے محروم ہو جائیں گے ،ضلع بھر کے کسان سراپا احتجاج ، سافٹ وئیر فوری بحال کرنے کا مطالبہ، تفصیل کے مطابق تحصیل کوٹ ادو میں صحت کارڈ کے ذریعے آنکھوں کے آپریشن کی بندش کے بعد حکومت پنجاب کی جانب سے ضلع مظفرگڑھ کے کسانوں کے ساتھ ایک اور ظلم سامنے آگیا ہے ،وزیر اعظم عمران خان کے ویژن اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان خان بزدار کی ہدایت پر کاشتکاروں کو ڈائریکٹ کیش سبسڈی پہنچانے کیلئے محکمہ زراعت پنجاب کی جانب سے جاری کئے جانے والے ضلع بھر کے کاشت کاروں کے سبسڈی واؤچرز کی تصدیق کرنے والی سبسڈی ایپ کو ایک ماہ سے بلاک کردیاگیا ہے ،مذکورہ کسان کارڈ جس سے سبسڈی حاصل کرنے کی آخری تاریخ 30 ستمبر ہے ،اس کسان کارڈ پرنہ صرف کاشتکار کھاد اور بیج رعایتی قیمت پر حاصل کرنا تھا جبکہ کسان کارڈکو اے ٹی ایم پر استعمال کر کے کسان فوری کیش بھی حاصل کرسکتا تھا،سافٹ ویر بلاک ہونے کی وجہ سے ضلع مظفرگڑھ کے لاکھوں کسان اس سبسڈی سے محروم ہو جائیں گے ۔کاشتکاروں نے احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سردار عثمان خان بزدار ، چیف سیکرٹری زراعت پنجاب، صوبائی وزیر زراعت اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے سافٹ ویئر کو فوری طور پر بحال کیا جائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں