پیف کے پارٹنر سکولوں کو 3 منصوبوں کیلئے ایک ارب 46 کروڑ روپے کی ادایئگی
ایم ڈی پیف کے سائن ہوکر چیک بینک میں جمع ،9اگست سے 4ستمبر تک مانیٹرکئے گئے سکولوں کے مالکان کو آج اکاؤنٹس میں وصولی ہوجائیگی ،مزیدادائیگیوں کیلئے مانیٹرنگ کا عمل تیز کیا جائیگا :ترجمان
ملتان(خصوصی رپورٹر)پیف کے پارٹنر سکولوں کو ایک ارب 46کروڑ کی ادائیگیاں کردی گئیں، بتایا گیا ہے کہ مینیجنگ ڈائریکٹر پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن اسد نعیم کی ہدایت پر پیف کے 3تعلیمی منصوبوں فاؤنڈیشن سسٹڈ سکول پروگرام، ایجوکیشن واؤچر سکیم اور نیو سکول پروگرام سے منسلک پارٹنر سکولوں کی اگست اور ستمبر2021کی پیمنٹس جاری ہو گئی ہیں، ان ادائیگیوں کے 1ارب 46کروڑ 5 لاکھ 66ہزار روپے کے چیکس ایم ڈی پیف کی جانب سے سائن ہو کر بینک میں جمع ہو گئے ہیں اور یہ ادائیگیاں پیف پارٹنرز کو اُن کے اکاؤنٹس میں آج سے ملنا شروع ہو جائیں گی۔ ترجمان نے بتایا کہ پیف انتظامیہ کی جانب سے پہلے مرحلے میں 3ہزار784پیف پارٹنر کو پیمنٹس جاری کر دی گئی ہیں، یہ پیمنٹس اُن سکول مالکان کو جاری کی گئیں ہیں جن کے سکولوں کی مانیٹرنگ کا عمل 9اگست 2021سے 4ستمبر2021 تک مکمل کر لیا گیا تھا۔ترجمان نے بتایا کہ کورونا وبا کے باعث سکولو ں میں بندش ہو نے کی وجہ سے 3ہزار261سکولوں کی مانیٹرنگ کا عمل رُک گیا تھا جن میں فاس کے 1576، ای وی ایس کے 669اوراین ایس پی کے 1016سکول شامل ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ ایم ڈی پیف کی ہدایت پر ان سکولوں کی مانیٹرنگ تیزی سے کی جار ہی ہے اور مانیٹرنگ کا عمل مکمل ہو نے کے فوراً بعد مانیٹرنگ رپورٹس کی روشنی میں ان سکولوں کی فائلیں پروسس کر کے پیمنٹس جاری کر دی جائیں گی۔ ترجمان نے بتایا کہ نئے داخلو ں کی مد میں 20فیصد بقایا جات فاؤنڈیشن سسٹڈ سکول پروگرام سے منسلک 732 سکولوں کو 72لاکھ10ہزار 836روپے اور نیو سکول پروگرام سے منسلک440سکولوں کو 38لاکھ 70ہزار286روپے پارٹنرز سکولوں کے اکاؤنٹس میں ٹرانسفر ہو چکے ہیں۔